دمشق،28؍نومبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)شامی فورسز نے مشرقی حلب کے ایک اہم محاذ پر باغیوں کو پسپا کر دیا ہے۔ سرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ شامی سپاہیوں نے شمالی محاذ پر باغیوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ حلب کے اہم اضلاع الصاخور، شیخ خضر اور حیدریہ میں باغیوں کی پسپائی کی وجہ سے مشرقی حلب پر قابض باغی دو اب علاقوں میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شامی فورسز نے حلب کا ایک تہائی علاقہ بازیاب کرا لیا ہے۔ حکام کے مطابق انتہا پسند گروہ کے خلاف جاری اس کارروائی کی وجہ سے دس ہزار شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔ سریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق گزشتہ تیرہ دنوں سے جاری اس عسکری کارروائی میں روسی فضائیہ بھی بمباری کر رہی ہے۔ آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ ابھی بھی تقریبا ڈھائی لاکھ افراد اس جنگ زدہ علاقے میں محصور ہیں، جنہیں فوری امدادی کی ضرورت ہے۔