ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزاور ریاستی حکومت کسانوں کے قرضہ جات معاف کریں: کمار سوامی

مرکزاور ریاستی حکومت کسانوں کے قرضہ جات معاف کریں: کمار سوامی

Fri, 23 Dec 2016 23:34:15    S.O. News Service

بنگلورو۔23/دسمبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خشک سالی سے بدحال کسانوں کو فوری راحت پہنچاتے ہوئے حکومت ان کے تمام قرضہ جات معاف کرے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسانوں کو راحت پہنچانے کیلئے ریاستی اور مرکزی دونوں حکومتو ں کو آگے آنا چاہئے۔ خشک سالی کے سبب ریاست کے کسان بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ ایک طرف ان کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں تو دوسری طرف کارپوریٹ طبقے کو خوش کرنے کیلئے ان کی زمینات چھینی جارہی ہیں۔ قرضہ کے سبب کسانوں کی پریشانی اور بھی بڑھتی جارہی ہے۔مرکزی حکومت کو کسانوں کی مشکلات شاید نظر نہیں آرہی ہیں۔ کم ا زکم ریاستی حکومت کوآپریٹیو اداروں کے ذریعہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا قدم اٹھائے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے گیہوں کا امپورٹ ٹیکس واپس لئے جانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ بین الاقوامی کمپنیوں اور سرمایہ دار طبقے کو راحت پہنچانے کیلئے مرکزی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں پیاز اور ناریل کی قیمتوں میں گراوٹ کی وجہ سے رعیت طبقہ مشکلات میں پھنس گیا ہے۔ اس سے کسانوں کو بچانے کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو فوراً مداخلت کرنی چاہئے۔کمار سوامی نے ایک بار پھر یہ پیشین گوئی ہے کہ 2018کے اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست کے اقتدار پر جنتادل (ایس) کا قابض ہونا اتنا ہی یقینی ہے جتنا کہ طلوع آفتاب، انہوں نے کہاکہ 15جنوری کے بعد وہ ریاست کے ہر ضلع میں قیام کریں کے، خاص طور پر دیہاتوں میں قیام کا سلسلہ شروع کرکے عوام سے پارٹی کو جوڑنے کی مہم شروع کردیں گے۔


Share: