نئی دہلی،17نومبر(آئی این ایس انڈیا) پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے اتوار کو کہا کہ شیوسینا کے وزیر کے مرکزی حکومت سے استعفیٰ اور مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لئے اس کی کانگریس اور این سی پی سے چل رہی بات چیت کے درمیان پارٹی کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی جانب نشستیں مختص کی جا رہی ہیں۔مرکزی کابینہ میں شیوسینا کوٹے سے محض ایک وزیر اروند ساونت نے گزشتہ پیر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔پارٹی نے ہفتے کو کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کی شام پر این ڈی اے کے اتحادیوں کی میٹنگ اجلاس میں شامل نہیں ہوگی۔جوشی نے کل جماعتی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ شیوسینا کے وزیر نے این ڈی اے حکومت سے استعفیٰ دے دیا ہے،وہ آج این ڈی اے کی میٹنگ میں حصہ نہیں لے رہیں اور کانگریس اور این سی پی کے ساتھ اتحاد پر بات چیت کر رہے ہیں تو قدرتی ہے کہ انہیں دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی جانب نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق راجیہ سبھا میں شیوسینا کے تینوں ارکان کو اپوزیشن کی جانب نشستیں مختص کی گئی ہیں، وہیں لوک سبھا میں بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان دہائیوں پرانے اتحاد میں مہاراشٹر میں وزیر اعلی کے عہدے کی شراکت پر تکرار کو لے کر شگاف آ گیاہے۔