ریاض،20نومبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پولیس نے سعودی شہری کی ’’رولز رائس‘‘گاڑی چوری کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ گاڑی کی قیمت تقریبا 1لاکھ 19ہزار امریکی ڈالر ہے۔برطانوی اخبار " دی ڈیلی میل" کے مطابق چوری کا مرتکب 25سالہ محمد حمزہ برطانوی شہری ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاڑی کا مالک سعودی شہری برطانیہ سے باہر تھا کہ اس دوران حمزہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے محکمے میں مذکورہ گاڑی کی چابیاں تبدیل کرنے کی درخواست دی۔ حمزہ نے اس موقع پر پیش کیے جانے والے کاغذات کے اپنی ملکیت ہونے کا دعوی کیا تھا۔حمزہ پر عائد کیے جانے والے الزامات میں وہیکل رجسٹریشن ایجنسی کو دھوکہ دینے اور چار گاڑیوں کی چوری کے الزامات شامل ہیں۔ عدالت نے قانونی کارروائی کے لیے 27فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اس وقت تک حمزہ کو مالی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔