کییف 10جنوری(آئی این ایس انڈیا)جنوبی فلپائن کے سمندر میں مبینہ طور پر قزاقوں نے آٹھ ماہی گیروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فلپائنی کوسٹ گارڈز کے ترجمان نے اس امر کی تصدیق کر دی ہے۔ کمانڈر ارمانڈ بالیلاؤ نے بتایا کہ ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والی ایک کشتی، جس پر پندرہ افراد سوار تھے، لاؤڈ سیرومون جزیرے کے قریب سفر کر رہی تھی کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک تیز رفتار کشتی پر سوار پانچ مسلح حملہ آوروں نے اس پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے مچھیروں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ انہوں نے مزیدبتایاکہ اس حملے میں مجموعی طور پر آٹھ ماہی گیر مارے گئے جبکہ پانچ اپنی جانیں بچانے کے لیے پانی میں کود پڑے۔ حکام کو شبہ ہے کہ حملہ کرنے والے قزاق تھے۔