کنداپور26؍نومبر(ایس او نیوز)نیشنل گرین ٹریبیونل نے اڈپی کے CRZ ساحلی علاقوں میں ریت نکالنے پر پابندی عائدکی ہے۔ اس کے بعد یہاں غیر قانونی ریت کا کاروبار تیز ہوگیا ہے۔حالانک پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے غیر قانونی ریت نکالنے کے مقامات پر چھاپہ ماری کی جارہی ہے اس کے باوجود یہ کاروبار دھڑلے سے چل رہا ہے۔
لیکن 24نومبر کی رات کو ہالناڈو نامی گاوں میں مقامی لوگوں نے ریت سے بھرے ہوئے 12ٹرکس روک لیے اور انہیں آگے جانے نہیں دیا۔جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر کیس داخل کرنے کے علاوہ ان لاریوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔کہاجاتا ہے کہ افسران نے اس سے پہلے غیر قانونی ریت کے کاروبار کو روکنے کے لئے کنڈلور،بالکور، اناگلّی اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ مگر تعجب خیز بات یہ تھی کہ افسران ہالندو کے مقام پر چھاپے مارنے سے گریز کررہے تھے۔ عوام کا کہنا ہے کہ کچھ بااثر لوگوں کے اس کاروبار میں ملوث ہونے کی وجہ سے افسران انجان بنے ہوئے تھے۔جب مقامی لوگوں کو ایک ساتھ لاریوں میں ریت لے جانے کی مصدقہ خبر ملی تو انہوں نے رات کے اندھیرے میں راستے پر نکل کر احتجاج کیا اور ریت بھری لاریوں کو آگے بڑھنے سے روک لیا۔اس طرح عوام نے ریت مافیا کو ایک بڑا جھٹکا دیدیا۔