کولکا تہ، 12/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے و رگیی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کی طرف سے صدارتی انتخابات کے لیے اپوزیشن کو ایک ساتھ لانے کی کوشش کو وجود بچانے کی جنگ قرار دیاہے۔بہرحال بی جے پی لیڈر نے دعوی کیا کہ کئی اپوزیشن پارٹیاں صدارتی انتخابات میں بی جے پی قیادت والے این ڈی اے اتحاد کے امیدوار کی حمایت کریں گی۔وجے ورگیی نے کہاکہ کانگریس، سی پی ایم اور دیگر سیاسی پارٹیاں کئی انتخابات میں مسلسل شکست کا سامنا کرنے کے بعد بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مورچہ بندی کی کوشش کر رہی ہیں، وہ داؤ پر لگے اپنے وجود کو بچانے کے لیے ایک ساتھ آئی ہیں۔وجے رگیی نے میڈیا کو دئیے انٹرویو میں کہاکہ اب وہ صدارتی انتخابات کے لیے ایک ساتھ آ رہی ہیں، میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس بار بھی ان کی شکست ہوگی۔اپوزیشن خیمے سے کئی پارٹیاں صدارتی انتخابات میں بی جے پی کے قیادت والے این ڈی اے کی حمایت کریں گی۔کانگریس صدر کے طرف سے صدارتی انتخابات کے لیے اپوزیشن کو متحد کرنے کی پہل کے بعد انہوں نے یہ بیان دیا ہے۔سونیا نے سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری سے ملاقات کی تھی اور اس سلسلے میں وہ ترنمول سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سے بھی ملاقات کریں گی۔