ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / صاف شہروں کی فہرست میں یوپی کا 1شہر اور گندے میں 52، اسے تبدیل کرنا ہوگا:یوگی

صاف شہروں کی فہرست میں یوپی کا 1شہر اور گندے میں 52، اسے تبدیل کرنا ہوگا:یوگی

Wed, 10 May 2017 22:01:59    S.O. News Service

میرٹھ، 10/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مجاہدین آزادی کے لیے منعقد اعزاز ی تقریب میں شرکت کرنے گئے یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یوپی کی صفائی کو لے کر سخت تبصرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صاف شہروں کی فہرست میں یوپی کا ایک اور گندے شہروں کی فہرست میں یوپی کے 52شہر ہیں، ہمیں اسے تبدیل کرنا ہوگا۔اے این آئی کے مطابق، انہوں نے مزید کہا کہ ترقی اور گڈ گورننس پر توجہ دینے کے لیے ضروری ہے کہ ہم ذات، عقیدہ اور مذہب سے اوپر اٹھ کر ملک کی ترقی کے بارے میں سوچیں، ہم نے بیٹیوں اور بہنوں کے لیے اینٹی رومیو اسکواڈ بنایا ہے، وہ پوری ریاست میں سختی سے کام کر رہا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہا کہ جو قوم اپنی تاریخ کو سنبھال کر نہیں رکھ سکتی، وہ اپنے ملک کی حفاظت بھی نہیں کر سکتی۔دراصل، آدتیہ ناتھ منگل کو میرٹھ پہنچے، جہاں انہوں نے کچی بستی میں جاکر صاف صفائی کا جائزہ لیا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے مجاہدین آزادی کو اعزاز سے نوازنے کے علاوہ کارکنوں کے ایک اجلاس سے بھی خطاب کیا، جس میں صفائی اور قانون وانتظام کو لے کر سبھی کارکنوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہمیں اتر پردیش میں صفائی پر توجہ دینی ہو گی، سب سے پہلے ہمیں پلاسٹک کے استعمال میں کمی کرنی ہوگی۔اگر ہمارے شہر صاف ہوں گے، تو دنیا میں ہماری شہرت ہوگی۔غورطلب ہے کہ میرٹھ کو صفائی سروے میں 339واں مقام حاصل ہوا ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ میرٹھ میں دئیے گئے اپنے خطاب میں وزیر اعلی یوگی نے صفائی پر خصوصی زور دیا۔اس سے پہلے یوگی میرٹھ کی کچی بستی شیر گڑھی گئے، جہاں 41سالہ دیویندر نے یوگی کو بتایا کہ سیور نہ ہونے سے گندگی کا مسئلہ ہمیشہ برقرار رہتا ہے۔ دیویندر نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے یوگی جی کو بتایا کہ سیور نہیں ہونے سے برسات میں نالیاں جام ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے گندا پانی جمع ہو جاتا ہے، ہمیں کافی تکلیف ہوتی ہے۔میڈیا کو امید تھی کہ کچی بستی میں یوگی لکھنؤ کی طرح جھاڑو لگا سکتے ہیں، اس لیے صبح سے میڈیااہلکار او بی وین اور کیمرے لے کر تعینات رہے، لیکن یوگی کچی بستی میں لوگوں سے ملاقات کرکے نکل گئے، حالانکہ بستی کے باہر ہی دلت کمیونٹی نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار بھی کیااور ہنگامہ بھی کیا کہ امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے بغیر وزیر اعلی کس طرح نکل گئے۔
 


Share: