ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہریوں کو معلومات اور جمہوریت کو مستحکم کرنے میں میڈیا کا اہم رول:شرن پرکاش پاٹل

شہریوں کو معلومات اور جمہوریت کو مستحکم کرنے میں میڈیا کا اہم رول:شرن پرکاش پاٹل

Thu, 17 Nov 2016 11:49:59    S.O. News Service

کلبرگی 16 نومبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیرطبی تعلیم و کلبرگی کے انچارج وزیر شرن پرکاش پاٹل نے کہا ہے کہ شہریوں کو معلومات کی فراہمی کے ذریعہ جمہوریت کو مستحکم کرنے میں میڈیا کا عظیم رول ہے ۔اُنہوں نے قومی یوم صحافت اور پریس کونسل آف انڈیا کی گولڈن جوبلی تقریب کا ڈسٹرکٹ اڈمنسٹریٹیو کامپلکس کے کانفرنس ہال میں افتتاح کرتے ہوئے خطاب کیا۔اس تقریب کا اہتمام کرناٹک میڈیا اکیڈیمی' محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اور کرناٹک یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی جمہوریت کی کامیابی اُس کے شہریوں میں بیداری کی سطح پر منحصر ہے ۔ عصری دور کے میڈیا پرنٹ' الکٹرانک اور سوشل میڈیا کا بیداری پیدا کرنے اور شہریوں کو معلومات کی فراہمی میں ناقابل تردید رول رہا ہے ۔میڈیا کے مثبت رول کی ستائش کرتے ہوئے وزیر موصوف نے سماج پر اس کے منفی رول کی بھی نشاندہی کی۔ اُنہوں نے غلط معلومات یا آدھی حقیقت کے ذریعہ سنسنی خیز صحافت کی طرف بھی انگلی اٹھائی۔اُنہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائی حکمرانی کے منفی پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں صرف نہ کریں، بلکہ ایسا کرتے ہوئے وہ مثبت پہلوؤں کو مخفی رکھ رہے ہیں اور حکومت میں کام کرنے والے سخت محنتی افراد کے حوصلوں کو پست کررہے ہیں۔اُنہوں نے کہا ''جمہوریت کے تمام ستونوں مقننہ' عاملہ' عدلیہ اور میڈیا میں کام کرنے والے افراد کا ایک ہی سماج سے تعلق ہے اور اس کے مثبت و منفی پہلو بھی ہیں۔ جمہوریت پر ہم پیٹھ نہیں موڑ سکتے کیونکہ یہ ایک تجربہ کار سیاسی نظام ہے اور موجودہ طور پر اس کا کوئی بہتر متبادل نہیں ہے ۔واحد راستہ معمول کی اساس پر اس کے کاموں کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کو مستحکم کرنا ہے ۔'' مرکزی حکومت کی جانب سے ایک قومی ٹیلی ویژن چینل پر ایک دن کی پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے پاٹل نے اعادہ کیا کہ اُن کی حکومت اظہار خیال کی آزادی اور صحافت کی آزادی کی پابند عہد ہے ۔ انہوں نے کہا ''ہم صحافیوں کے مفادات کے تحفظ کے پابند ہیں۔ڈپٹی کمشنر اجول کمار گھوش نے ملک کی آزادی کے بعد سے جمہوریت کو مستحکم کرنے میں میڈیا کے رول کی نشاندہی کی۔اُنہوں نے کہا کہ میڈیا صرف ایک معلومات کا ذریعہ نہیں، بلکہ ایک رائے عامہ بھی ہے ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ تعمیری صحافت پر عمل کریں۔انہوں نے کہا ہم عاملہ میں ہیں اور میڈیا کی جانب سے کی جانے والی تعمیری نکتہ چینی کا استقبال کرتے ہیں۔ آپ کے مثبت ریمارکس یا کام کو تسلیم کرنے سے ہمارے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور اس سے مزید جذبہ کے ساتھ کام کرنے کی ہمیں ترغیب حاصل ہوتی ہے ۔


Share: