آگرہ، 12/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ضلع کے پناہٹ تھانہ پولیس نے بجرنگ دل کے ایک لیڈر اور سابق کونسلر کو شراب اسمگلر کے تحت دو دن تک حوالات میں رکھا اور بعد میں کارروائی کر کے جیل بھیج دیا۔اس پر بجرنگ دل لیڈر مشتعل ہوگئے اور علاقائی افسر کو واقعات سے آگاہ کرتے ہوئے ایک میمورنڈم سونپا ہے۔قصبہ پناہٹ کے رہائشی ستیندرپریہار بجرنگ دل کے ضلع کنوینر ہیں۔ان کے والد رام نریش پریہار بی جے پی کے تحصیل انچارج کسان مورچہ کے لیڈر ہیں۔قصبہ کے ہی رہائشی شیام مورتی پریہار سابق کونسلر ہیں۔پولیس نے دونوں لوگوں کو کسی کام کے بہانے تھانے بلایا تھا، دونوں ستیندر اور شیام مورتی تھانے پہنچ گئے،پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا اور ساتھ ہی ان دونوں پر کئی سنگین الزامات لگایا۔پولیس نے 48گھنٹے تک دونوں کو تھانے میں رکھا۔بدھ کی رات کو پولیس نے دونوں لیڈروں کے پاس سے ایک ایک پیٹی غیر قانونی شراب کی برآمدگی دکھا کر جیل بھیج دیا گیا۔اس پورے واقعے سے مشتعل بجرنگ دل اور بی جے پی لیڈروں نے پولیس کے رویے کے خلاف مظاہرہ کیا اور دونوں لیڈروں کو جھوٹے معاملے میں پھنسائے جانے کا دعوی کرتے ہوئے پناہٹ علاقائی افسر دویندر سنگھ کو میمورنڈم سونپ کر معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔