نئی دہلی،7 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سرجیکل اسٹرائیک کو لے کرزبانی جنگ کو دھار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے آج بی جے پی صدر امت شاہ پربڑا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کے مجرمانہ پس منظر سے پورا ملک واقف ہے، وہ اب حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ تقسیم کر رہا ہے۔آپ نے یہ بھی کہا کہ قوم پرستی کے معاملے پر بی جے پی صدر دہلی کے وزیر اعلی کے ساتھ کھڑے بھی نہیں ہو سکتے۔دہلی کے نائب وزیر اعلی اور آپ کے سینئر لیڈر منیش سسودیا نے کہاکہ امت شاہ سیاسی اقدار پرکلنک ہیں۔پورا ملک ان کی مجرمانہ تاریخ کو جانتا ہے۔وہ گجرات سے باہر نکالے گئے تھے اور قتل کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ بات حیرت انگیز ہے کہ شاہ حب الوطنی اور ایمانداری کا سرٹیفکیٹ جاری کر رہے ہیں۔قابل ذکرہے کہ سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر معاملے میں ملزم شاہ کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 30؍دسمبر 2014کو قتل کے الزامات سے بری کر دیا تھا۔سسودیا نے کہاکہ فوج ہماری ہے، دورافتادہ علاقے کے ہمارے بھائی فوج میں جاتے ہیں، وہ(بی جے پی )والے فوج اور حب الوطنی کے ٹھیکیدار کیسے بن گئے۔انہوں نے کہاکہ وہ کیجریوال کی حب الوطنی پر سوال کھڑا کر رہے ہیں؟ پورا ملک ان کی حب الوطنی کے جذبے سے واقف ہے۔جب حب الوطنی کی بات آتی ہے تو کیا شاہ کیجریوال کے ساتھ کھڑے بھی ہو سکیں گے؟اس سے پہلے شاہ نے کیجریوال پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سرجیکل حملے کو لے کر سب سے پہلے انہوں نے شک کا اظہار کیا تھا اور پاکستان میں وہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے تھے ۔