ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سپریم کورٹ نے مرکز کو قومی یوگا پالیسی تیار کرنے کے بارے میں فیصلہ لینے کی ہدایت دی 

سپریم کورٹ نے مرکز کو قومی یوگا پالیسی تیار کرنے کے بارے میں فیصلہ لینے کی ہدایت دی 

Wed, 30 Nov 2016 12:31:22    S.O. News Service

نئی دہلی، 29؍نومبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے آج مرکزی حکومت سے کہا کہ ملک میں پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے طلباء کے لیے قومی یوگا پالیسی تیار کرنے کی درخواست پر تین ماہ کے اندر فیصلہ لیا جائے۔جسٹس مدن بی لوکر کی صدارت والی بنچ نے مرکز سے کہا کہ وہ اس مسئلے پر دائر درخواست کو رپورٹ مان کر اس بارے میں فیصلہ لے۔سپریم کورٹ مقامی وکیل اور دہلی بی جے پی کے ترجمان اشونی کمار اپادھیائے اور جے سی سیٹھ کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی۔اپادھیائے نے فروغ انسانی وسائل کی وزارت، این سی ای آرٹی، این سی ٹی ای اور سی بی ایس ای کو یہ ہدایت دینے کی درخواست کی ہے کہ مختلف بنیادی حقوق کی روح کو ذہن میں رکھتے ہوئے پہلی کلاس سے آٹھویں کلاس تک کے طلباء کے لیے معیاری نصابی کتابیں اور صحت سے متعلق تعلیم فراہم کی جائے۔درخواست کے مطابق، صحت کا حق آئین کے آرٹیکل 21میں فراہم کردہ جینے کے حق کا لازمی حصہ ہے جس میں صحت کی حفاظت بھی شامل ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا یہ فرض ہے کہ تمام شہریوں، خاص طور پر بچوں اور نوعمر لڑکیوں کو صحت کی سہولیات دستیاب کرائی جائے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صحت کا حق تمام بچوں کو یوگا اور صحت کی تعلیم فراہم کئے بغیر یا اس کو فروغ دینے کے لیے قومی یوگا پالیسی تیار کئے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔


Share: