ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سعودی عرب  کی تردید: ہم نے  عمران خان کو ملائیشیا جانے سے نہیں روکا 

سعودی عرب  کی تردید: ہم نے  عمران خان کو ملائیشیا جانے سے نہیں روکا 

Sat, 21 Dec 2019 17:38:54    S.O. News Service

اسلام آباد/21دسمبر (آئی این ایس انڈیا)اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کے اس مبینہ دعوے کی تردید کی ہے کہ اس نے کوالا لمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالا اور دھمکیاں دیں۔

اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں ترکی کا نام لیے بغیر کہا گیا ہے کہ بعض فریقین غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایسے نہیں جس میں دھمکیاں دی جائیں۔سفارت خانہ وضاحت کرتا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو۔ اس لیے کہ یہ گہرے تعلقات ہیں جو اعتماد، افہام وتفہیم اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بیشتر علاقائی، عالمی اور بطور خاص امت مسلمہ کے معاملات میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔سفارت خانے کے بیان کے مطابق سعودی عرب ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ سعودی عرب کی یہ خواہش رہی ہے کہ پاکستان ایک کامیاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

اس سے قبل ترکی کے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کا بیان سامنے آیا تھا۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالا۔ترک خبر رساں ادارے’ڈیلی صباح‘ کے مطابق طیب ایردوان نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے علاوہ کسی اور فورم پر مسلم ممالک کے اجلاس پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے ہمیشہ رکاوٹیں ڈالی جاتی رہی ہیں۔ اور اس بار بھی کوالالمپور سمٹ میں شرکت سے پاکستان کو روکنے کے لیے سعودی عرب نے دباؤ ڈالا۔ڈیلی صباح کے مطابق، ترک صدر نے انکشاف کیا کہ سمٹ میں شرکت کی صورت میں سعودی عرب نے اپنے ملک میں 40 لاکھ پاکستانیوں کو واپس بھجوانے کی دھمکی دی ہے۔ ان کے بقول سعودی عرب نے ان کی جگہ بنگلہ دیشی شہریوں کو ملازمت دینے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائی گئی سعودی امدادی رقم واپس لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ تاہم سعودی عرب سے ان  الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان سے ایسی کوئی بات نہیں کہی ہے۔ 


Share: