ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سابق وزیر سرینواس پرساد بی جے پی میں شامل ہوں گے

سابق وزیر سرینواس پرساد بی جے پی میں شامل ہوں گے

Sun, 25 Dec 2016 13:35:42    S.O. News Service

بنگلورو۔24دسمبر (ایس او نیوز) ریاست کی سدارامیا وزارت سے حال ہی میں برطرف کئے گئے وزیر وی سرینواس پرساد نے جو کانگریس پارٹی کو خیر باد کہہ چکے ہیں، بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے حلقہ ننجن گڑھ کے ضمنی چناؤ میں وہ بی جے پی کے امیدوار بن سکتے ہیں۔ آج سرینواس پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ انہوں نے اپنی سیاسی کیرئر کے آخری مرحلہ میں بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج ریاستی بی جے پی صدر بی یس یڈیورپا کی ڈالرس کالونی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں کو سرینواس پرساد نے بتایا کہ 2 جنوری 2017 کو وہ باضابطہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ پارٹی دفترمیں ہونے والی ایک تقریب کے دوران مرکزی قائدین کی موجودگی میں ان کی پارٹی میں شمولیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا سے انہوں نے یہی گزارش کی ہے کہ اب وہ اپنی زندگی کے آخری موڑ پر ہیں، اس لئے پارٹی میں شامل ہونے کے بعد ان کا ذاتی وقار مجروح نہ ہونے پائے یہ یقینی بنایا جائے۔ سرینواس پرساد نے کہا کہ اب تک انہوں نے بڑی ہی خودداری کے ساتھ سیاسی زندگی بسر کی ہے۔ آئندہ بھی وہ یہی چاہتے ہیں کہ ان کی خودداری برقرار رہے۔ ان کی شرط کو یڈیورپا نے بھی تسلیم کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ننجن گڈھ اسمبلی حلقہ کے عوام کی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرینواس پرساد نے کہا کہ جب سے انہوں نے کانگریس کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا ، ہر ایک کو یہی سوال ستائے جارہا تھا کہ ان کا اگلا قدم کیا ہوگا۔ اب انہوں نے یہ واضح کرنا ضروری سمجھا ہے کہ وہ باضابطہ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ کانگریس پارٹی پر ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپنانے کاالزام لگاتے ہوئے سرینواس پرساد نے کہا کہ انہوں نے طے کیا تھا کہ دوبارہ انتخابی میدان میں نہ آئیں، لیکن ان کے کارکنوں کا یہ مطالبہ ہے کہ وہ دوبارہ انتخاب لڑیں، اس لئے وہ ننجن گڑھ اسمبلی حلقہ سے چناؤ لڑرہے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی بی جے پی صدر بی یس یڈیورپا نے اعلان کیا کہ سرینواس پرساد ننجن گڑھ اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار ہوں گے۔ انہیں یقین ہے کہ اس ضمنی چناؤ میں سرینواس پرساد کی ہی جیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں سرینواس پرساد کو کسی بھی طرح کی دشواری نہ ہو یہ یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے دورہ بنگلورو کے دوران ہی مسٹر سرینواس پرساد کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلینی چاہئے تھی، لیکن ایسا نہ ہوسکا، اب 2 جنوری کو وہ پارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرینواس پرساد کی شمولیت کے بعد میسور، ننجن گڑھ میں بی جے پی ایک بہت بڑا کنونشن منعقد کریگی۔


Share: