نئی دہلی، 10/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی سیاست کے ایک بے لوث خادم،مجاہدِآزادی،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق استاداورسابق ممبرپارلیمنٹ(راجیہ سبھا) ڈاکٹر محمد ہاشم قدوائی کا دہلی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں طویل علالت کے بعد تقریباً 95 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ عالمی یوم اُردو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک زندہ تاریخ کے حامل ڈاکٹر ہاشم قدوائی صاحب کا انتقال قوم و ملت کے لیے آزادی کے بعدایک عظیم سانحہ ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ ان کے انتقال سے مجھے ذاتی خسارہ بھی ہے۔ ڈاکٹر محمد ہاشم قدوائی کے پس ماندگان میں تین بیٹیاں اوردوبیٹے ڈاکٹرسلیم قدوائی اورعبدالمعز قدوائی شامل ہیں۔ ڈاکٹر محمد ہاشم قدوائی کا تعلق مولاناعبدالماجد دریابادی سے تھا اور وہ مولاناکے بھتیجے اوردامادبھی تھے۔ ان کی زندگی قابل رشک تھی اور ان کی حیات ’عمل پیہم یقیں محکم‘ سے تعبیر تھی۔ انہوں نے درجنوں کتابیں تصنیف کیں اور تادمِ حیات لکھنے پڑھنے کاسلسلہ جاری رکھا۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان کی مغفرت فرمائے اور غریق رحمت کرے اور پس ماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ واضح ہو کہ آج مورخہ10 جنوری 2017 کو شام پانچ بجے ان کا انتقال ہوا اور کل ان کی تدفین علی گڑھ میں ہوگی۔