جام نگر؍ گجرات ، 24؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ریلائنس انڈسٹریز کی یہاں واقع ریفائنری کے احاطے میں آج آگ لگنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 6 دیگر جھلس گئے۔میگھ پار تھانے کے ایک پولیس افسر نے کہاکہ جام نگر میں واقع ریلائنس کی موتی کھاودی ریفائنری میں آج صبح گیس لیک ہونے سے آگ لگ گئی۔انہوں نے کہاکہ آگ کی زد میں آکر 8 افراد جھلس گئے جنہیں سرکاری گرو گوبند سنگھ اسپتا ل (جی جی ایچ )میں بھرتی کرایا گیا۔جی جی ایچ کی سپرنٹنڈنٹ نندنی دیسائی نے ان میں سے دو لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جام نگر کی ریفائنری میں ہمارے ڈومیسٹک ٹیرف ایریا(ڈی ٹی اے )میں انتظامی دیکھ بھال کی وجہ جن اکائیوں کو بند کیا گیا تھا، ان میں سے ایک میں بدقسمتی سے حادثاتی طورپر آگ لگ گئی، کچھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں،انہیں ضروری علاج مہیا کرایا جا رہا ہے، ریفائنری کے تمام کام حسب معمول جاری ہیں۔کمپنی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔