نئی دہلی، 20؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کانپور میں اندور-پٹنہ ایکسپریس کے پٹری سے اتر جانے کے پس منظر میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج حالات کا جائزہ لیا اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے ڈائریکٹر جنرل سے موقع پر پہنچنے کے لیے کہا۔وزیر داخلہ نے این ڈی آر ایف کے سربراہ او پی سنگھ سے راحت اور بچاؤ کاموں میں ریلوے انتظامیہ اور اتر پردیش حکومت کو ہرممکن مدد فراہم کروانے کے لیے کہا۔سرکاری ذرائع نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ریلوے کے وزیر سریش پربھو سے بھی اس حادثے کے بارے میں بات کی اورحالات کا جائزہ لیا۔وارانسی اور لکھنؤ سے این ڈی آر ایف کی 3 ٹیموں کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔ہر ٹیم میں 45اہلکار ہیں۔آج علی الصبا ح کانپور دیہات ضلع میں پوکھرایا ں کے قریب اندور-پٹنہ ایکسپریس کے ڈبے پٹری سے اتر گئے، اس حادثے میں سوسے زائدلوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 150سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔