دہلی ۲۸ نومبر(ایس او نیوز) کرتارپورکاریڈورموضوع پرمثبت رویہ اپنانے کے بعد بھی ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کو لے کراپنے رخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ وزیرخارجہ سشما سوراج نے پھردوہرایا کہ دہشت گردی اوربات چیت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی۔
سشماسوراج نے بدھ کو کہا "ہندوستان گزشتہ کئی برسوں سے کرتارپورکاریڈور تعمیرکے لئے کہہ رہا تھا، لیکن پاکستان نے اب جاکراس پرمثبت رویہ اپنایا ہے، مگراس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے لے کردوطرفہ بات چیت شروع ہوگی۔ دہشت گردی اور بات چیت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
اس سے قبل مرکزی وزیرہردیپ سنگھ پوری نے پاکستان حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس تقریب میں شریک ہونے کے لئے پاکستان جانے سے قبل مرکزی وزیرہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ اس تیرتھ یاترا کو لے کرمیں خود بے حد خوش قسمت محسوس کررہا ہوں۔ سکھ طبقے کا طویل عرصے سے مطالبہ تھا۔ میں پاکستان حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پنجاب حکومت کے وزیرنوجوت سنگھ سدھو اس تقریب میں شامل ہونے کے لئے ذاتی طورپرپاکستان میں ہیں، وہ منگل کو واگھا بارڈرکے راستے پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔ آج یعنی بدھ کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان یہاں نروول ضلع میں کرتارپورکاریڈور بنانے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی آرمی چیف قمرجاوید باجوا بھی موجود تھے۔