ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / خامنہ ای نے ایران میں حالیہ مظاہروں کوامریکی سازش قرار دے دیا

خامنہ ای نے ایران میں حالیہ مظاہروں کوامریکی سازش قرار دے دیا

Thu, 28 Nov 2019 17:49:05    S.O. News Service

تہران /28نومبر (آئی این ایس انڈیا) ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف حالیہ مظاہروں کو ایک سازش کا شاخسانہ قرار دیا ہے اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس سازش میں امریکا ملوّث تھا لیکن انھوں نے اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے۔آیت اللہ علی خامنہ ای بدھ کو سپاہِ پاسداران انقلاب کی باسیج فورس کے اہلکاروں سے خطاب کررہے تھے۔ایران کے سرکاری میڈیا نے ان کے یہ کلمات نقل کیے ہیں کہ:’ایرانی عوام نے ایک بہت گہری سازش کو ناکام بنا دیا ہے،اس پر بہت زیادہ رقم اور کوششیں کام آئی ہیں۔انھوں نے مظاہروں کو فرو کرنے میں نمایاں کردار پر پولیس، پاسداران انقلاب اور باسیج ملیشیا کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے میدان میں اتر کر ایک مشکل فریضہ انجام دیا ہے۔آیت اللہ علی خامنہ ای نے مظاہروں کو عالمی طاغوت کی سازش قرار دیا ہے۔ وہ ’عالمی طاغوت‘ کی اصطلاح امریکا کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ”امریکا کو پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر اپنے فوجیوں کو میدان میں اتارنے کا موقع مل گیا لیکن عوام نے اس کی سازش کو نیست ونابود کردیا ہے۔آج باسیج ملیشیا کاچالیسواں یوم تاسیس منایا گیا ہے۔نیم فوجی دستوں پر مشتمل یہ فورس ایران میں انقلاب کے بعد قائم کی گئی تھی۔باسیج کے سادہ کپڑوں میں اہلکاروں نے ایران کے مختلف شہروں میں مظاہروں پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ان کی بعض ویڈیوز بھی انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہیں۔ ان میں وہ موٹر سائیکلوں پر سوار مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بناتے اور گرفتار کرتے نظرآرہے ہیں۔ایرانی حکومت نے 15 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں 50 سے 200 فی صد تک اچانک اضافہ کردیا تھا۔اس اقدام کے خلاف ملک بھر میں پْرتشدد ہنگامے شروع ہوگئے تھے اور یہ ایک سو شہروں اور قصبوں میں پھیل گئے تھے۔بعض شہروں میں نقاب پوش نوجوانوں نے پیٹرول اسٹیشنوں، بنکوں اور دوسری سرکاری املاک کو نذر آتش کردیا تھا اور ان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں۔


Share: