نئی دہلی، 22؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )حکومت نے ہائی کورٹوں میں ججوں کی تقرری سے متعلق میمورنڈم آف پروسیجر(ایم او پی)کی کاپی پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی کے ساتھ فوری طورپرشیئرکرنے سے انکارکرتے ہوئے کہاکہ اس بارے میں کام چل رہاہے۔محکمہ قانون اور پرسنل سے متعلق پارلیمنٹ کی مستقل کمیٹی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں خالی عہدوں کے مسئلہ پرغورکررہی ہے۔کمیٹی کوبتایاگیاکہ یہ دستاویزمناسب وقت پر شیئر کئے جائیں گے ۔کمیٹی نے محکمہ انصاف سے مسودہ ایم اوپی کی کاپی شیئر کرنے کو کہاتھا جو منظوری کے لیے سپریم کورٹ کالیجیم کو سونپا گیا ہے۔اس کے جواب میں محکمہ انصاف نے کہاکہ چونکہ ایم او پی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹوں میں تقرری سے متعلق ہے اور سپریم کورٹ کی 16؍دسمبر 2015کی ہدایت کے مطابق ،ہندوستان کے چیف جسٹس کے ساتھ بات چیت سے ا س کو حتمی شکل دیا جا رہا ہے۔محکمہ نے کہاکہ اور اس وجہ سے مسودہ ایم او پی پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ مناسب وقت پر شیئر کیا جائے گا۔