بلگاوی۔ 23نومبر (ایس او نیوز) اسمبلی کے سکیورٹی اسٹاف نے جنتادل سیکولر کے رکن این ایچ کوناریڈی کو خشک زرعی فصل کے ساتھ ایوان کے اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ ریڈی نے کسانوں کے ایک گروپ کے ساتھ اسمبلی کی عمارت کے اصل باب الداخلہ کے سامنے احتجاج کیا اور خشک سالی کے راحت کے ناقص کاموں پر سدارامیا کی زیر قیادت حکومت کے خلا ف نعرے بازی کی۔ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسان مرچ ' پیاز اور کپاس کی خشک فصلوں کو لانے کے ساتھ ساتھ دیگر زرعی پیداوار لائیں گے، تاکہ ان کے مسائل کو اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی کی صورتحال اور فصلوں کو نقصان کے سبب کسانوں کی بڑی تعداد مشکل اٹھارہی ہے،لیکن حکومت ان کے بچاو میں آگے نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقل ترین امدادی قیمت پیاز، مرچ اور کپاس کے کسانوں کو دی جائے۔سابق وزیراعلیٰ و جے ڈی ایس کے ریاستی صد ر ایچ ڈی کمارا سوامی احتجاج کے مقام پر پہنچے اور ریڈی کے جذبات کو سرد کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ریڈی سے خواہش کی کہ خشک فصلوں کو پولیس کے حوالے کردیا جائے۔ انہو ں نے کہاکہ حکمراں جماعت کانگریس کسانوں کے مفادات کی تکمیل میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔