ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ: بی جے پی کے موجودہ اور آجسو کے سابق ایم ایل اے جے ایم ایم میں شامل ہوگئے

جھارکھنڈ: بی جے پی کے موجودہ اور آجسو کے سابق ایم ایل اے جے ایم ایم میں شامل ہوگئے

Sat, 19 Oct 2024 10:47:33    S.O. News Service

رانچی، 19/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)  جھارکھنڈ میں انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی لیڈروں کی جانب سے پارٹی بدلنے کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔ جمعہ کو گریڈیہ ضلع کی جموا سیٹ سے بی جے پی کے موجودہ رکن اسمبلی کیدار ہاجرا اور بوکارو ضلع کے چندن کیاری علاقے سے آجسو (آل جھارکھنڈ اسٹوڈنٹ یونین) کے سابق رکن اسمبلی اُماکانت رجک نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) میں شمولیت اختیار کر لی۔ دونوں رہنماؤں کی اس شمولیت کو جے ایم ایم کے لیے ایک بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ اور جے ایم ایم کے کارگزار صدر ہیمنت سورین اور رکن اسمبلی کلپنا سورین نے دونوں کا پارٹی میں استقبال کیا اور انہیں پارٹی کے انتخابی نشان والا پٹا پہنایا۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ جے ایم ایم ان دونوں کو ان کی روایتی نشستوں سے انتخابی میدان میں اتارے گی۔

وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ان لیڈروں کی پارٹی میں شمولیت کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’جھارکھنڈ کے دو محنتی اور سرگرم لیڈران کیدار ہاجرا اور اُماکانت رجک کا اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ جے ایم ایم خاندان میں دلی استقبال ہے۔‘‘

کیدار ہاجرا جموا سیٹ سے تین بار بی جے پی کے ٹکٹ پر ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ اس بار پارٹی کے اندرونی سروے میں اقتدار مخالف لہر کے تحت ان کا ٹکٹ کٹنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ اس سے پہلے کانگریس کی جانب سے جموا سیٹ پر مقابلہ کرنے والی منجو کماری اور ان کے والد شوکر روی داس نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

دوسری طرف چندن کیاری کے سابق ایم ایل اے اُماکانت رجک جو آجسو سے ٹکٹ کے دعویدار تھے، انہوں این ڈی اے کی سیٹ تقسیم کے دوران اس اعلان کے بعد کہ چندن کیاری سیٹ بی جے پی کو ملے گی، جمعرات کو آجسو سے استعفیٰ دے دیا اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ میں شامل ہو گئے۔

جے ایم ایم میں شامل ہوتے ہی اماکانت رجک نے کہا کہ وہ گروجی شیبو سورین کے ایک ادنیٰ سپاہی کے طور پر کام کر چکے ہیں اور ہیمنت سورین آج جھارکھنڈ کی آواز بن چکے ہیں۔


Share: