ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے غوثیہ اسٹریٹ میں سرابی ندی میں پھر چھوڑا جارہا ہے گٹر کا گندہ پانی؛ بدبو سے اطراف کے مکین پریشان

بھٹکل کے غوثیہ اسٹریٹ میں سرابی ندی میں پھر چھوڑا جارہا ہے گٹر کا گندہ پانی؛ بدبو سے اطراف کے مکین پریشان

Fri, 30 Oct 2026 19:45:43    S O News
بھٹکل کے غوثیہ اسٹریٹ میں سرابی ندی میں پھر چھوڑا جارہا ہے گٹر کا گندہ پانی؛ بدبو سے اطراف کے مکین پریشان

بھٹکل، 30 اکتوبر (ایس او نیوز): شہر کے غوثیہ اسٹریٹ میں واقع تاریخی سرابی ندی ایک بار پھر گٹر کے گندے پانی کے اخراج کے باعث سرخیوں میں ہے۔ ندی کی صفائی اور اسے گہرا کرنے کا کام عنقریب شروع ہونے والا ہے، لیکن اس سے قبل ہی ندی میں بڑے پیمانے پر گٹر کا پانی چھوڑے جانے سے مقامی لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ پمپنگ اسٹیشن کے ذریعے گزشتہ چار دنوں سے پوری رفتار کے ساتھ گندہ پانی ندی میں چھوڑا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں پورا علاقہ شدید بدبو کی لپیٹ میں آگیا ہے۔

ایک مقامی انجینئر نے ندی میں داخل ہونے والے پانی کی رفتار کا اندازہ لگاتے ہوئے بتایا کہ تقریباً دو ہزار لیٹر گندہ پانی ہر منٹ سرابی ندی میں داخل ہورہا ہے۔ اس طرح بڑی مقدار میں گندے پانی کے مسلسل اخراج سے نہ صرف ندی کی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ اطراف کے رہائشی علاقوں میں بھی صحت کے مسائل اور مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

سرابی ندی کے کنارے واقع دھندا کاٹو میں جمع ہونے والے مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں گندے پانی کا اخراج گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے جاری ہے۔ ان کے مطابق پانی انتہائی بدبودار ہے، جس کی وجہ سے پورا علاقہ تعفن کی زد میں ہے۔ ندی کے کنارے  واقع  مساجد میں بھی شدید بدبو کے باعث نمازیوں کو نماز ادا کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔

bhatkal-sarabi-river-sewage-water-dhanda-kato

دوسری جانب پمپنگ اسٹیشن کی دیکھ بھال کرنے والے انجینئر اروند نے بتایا کہ حال ہی میں نصب کی گئی نئی موٹروں میں کوئی خرابی نہیں آئی ہے، بلکہ گزشتہ چار دنوں سے پمپنگ اسٹیشن کی پائپ لائن میں لیکیج کے باعث گندے پانی کی معمول کے مطابق پمپنگ متاثر ہورہی ہے۔ ان کے مطابق پائپ لائن کی ویلڈنگ کے ذریعے مرمت کی جانی ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے پائپ کو مکمل طور پر خشک کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پائپ کی مرمت کا کام ہفتہ کی شام تک مکمل کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سرابی ندی کی صفائی اور اسے گہرا کرنے کا کام شروع ہونے کی تیاریوں کے درمیان گندے پانی کا مسلسل اخراج ایک بار پھر مقامی شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ عوام سوال کررہے ہیں کہ اگر کروڑوں روپے خرچ کرکے ندی کی صفائی کی جائے اور اس کے بعد بھی اس میں اسی طرح گٹر کا گندہ پانی چھوڑنے کا سلسلہ جاری رہے تو ایسی صفائی کا کیا فائدہ ہوگا؟ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ پہلے گٹر کے گندے پانی کے اخراج کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے اور اسے ندی میں چھوڑنے کا سلسلہ مکمل طور پر بند کیا جائے، اس کے بعد ہی ندی کی صفائی اور اسے گہرا کرنے کا کام شروع کیا جائے۔


Share: