سیول،27؍نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جنوبی کوریا میں لاکھوں افراد صدر پاک گن ہے سے استعفے کے لیے دارالحکومت سیول میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔اس مظاہرے کو ان کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ سمجھا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی صدر پاک گن ہے نے اپنی سہیلی چوئی سون سل کو سکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے کے باوجود سرکاری دستاویزات دیکھنے کی اجازت دی تھی۔پاک گن ہے ٹی وی پر قوم سے دو بار معافی مانگ چکی ہیں تاہم انھوں نے مستعفی دینے کے خلاف مزاحمت کی ہے۔منتظمین کا کہنا ہے کہ دارالحکومت سیول میں سنیچر کی رات سرد موسم اور برفباری کے باوجود 13لاکھ افراد شریک ہوئے۔مظاہرین کو دوسری جگہوں سے مزید پانچ لاکھ افراد کے آنے کی توقع ہے۔دوسری جانب پولیس نے مظاہرین کی تعداد دو لاکھ، 60ہزار بتائی ہے۔جنوبی کوریا کے مقامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت سیول میں 25ہزار افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے۔صدر پاک گن ہے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ گذشتہ پانچ ہفتوں سے جاری ہے۔ان مظاہروں کو سنہ 1980کی دہائی کی جمہوریت نواز مظاہروں کے بعد سب سے بڑا مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔دارالحکومت سیول میں سنیچر کی رات کیے جانے والے مظاہروں میں کسان، بودھ مت کے راہبوں اور یونیورسٹی کے طلبہ شامل ہیں۔ایک شخص نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا 'میں ٹی وی پر خبریں دیکھ کر یہ سوچ رہا تھا کہ ایسا مزید نہیں چل سکتا، لوگ حقیقت میں چاہتے ہیں کہ صدر پاک گن ہے مستعفی ہو جائیں مگر انھوں نے ایسا نہیں کیا۔