بنگلورو۔15؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے آج شہر کے پلکیشی نگر اسمبلی حلقہ میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور یہاں کے عوامی مسائل سے جانکاری حاصل کی۔ منیشورا نگر میں جاری ترقیاتی کاموں کا از خود معائنہ کرتے ہوئے وزیر موصوف نے یہاں کے لوگوں کی طرف سے بی ڈبلیو ایس ایس بی کی طرف سے سست رفتار کام کی شکایات پر افسران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ 1.25کروڑ روپیوں کی لاگت سے یہاں پر پانی اور ڈرینج کے پائپ لائنوں کو بچھانے کا کام کافی سست رفتاری سے جاری ہے۔ وزیر موصوف نے اس سست روی پر افسران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیر موصوف نے کہاکہ اس علاقہ میں اگر مین روڈ کے کام میں اس طرح کی سست روی رہی تو اندرونی گلیوں میں حالت کیا ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کنٹراکٹروں کو طلب کرکے پندرہ دنوں کے اندر کام کو مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اسی طرح یہاں کی ایک خالی زمین پر بی بی ایم پی کی طرف سے گندگی کو ٹھکانے لگائے جانے پر افسران کو طلب کرکے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ فوری طور پر اس زمین سے کچرا ہٹایا جائے۔انہوں نے جوائنٹ کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی نگرانی کرکے اس علاقہ کی صفائی پر توجہ دیں۔ سگایا پورم کا دورہ کرتے ہوئے وزیر موصوف نے یہاں پینے کے پانی ، ڈرینج اور سڑکوں کی مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔ یہاں لوگوں نے بتایاکہ انہیں پانی ہفتے میں صرف ایک دن مہیا کرایاجارہا ہے۔وزیر موصوف نے بی ڈبلیو ایس ایس بی افسران کو ہدایت دی کہ مرمتی کام پورا ہونے کے بعد یہاں ہفتے میں افزود ایام کیلئے پانی مہیا کرایا جائے۔اس موقع پر میئر جی پدماوتی ، مقامی رکن اسمبلی آر اکھنڈا سرینواس مورتی ، ٹاؤن پلاننگ کمیٹی کی چیرمین نیترا نارائن ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔