ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / بی ایس ایف نے کانسٹیبل تیج بہادر کے ویڈیو پر وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیجی

بی ایس ایف نے کانسٹیبل تیج بہادر کے ویڈیو پر وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیجی

Tue, 10 Jan 2017 22:26:11  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،10/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی ایس ایف کے کانسٹیبل تیج بہادر یادو کا ویڈیو وائرل ہوا تو سب سے زیادہ ہلچل دہلی کی رائے سینا ہلس میں مچ گئی۔ویڈیو میں تیج بہادر نے بتایا کہ کیٹرنگ کی کیا حالت ہے۔مرکزی وزارت داخلہ نے ویڈیو میں کتنی سچائی ہے؟ اس کی جانچ کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔بی ایس ایف نے بھی فورا وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیج دی ہے۔تیج بہادر کی ویڈیو 26لاکھ لوگوں نے دیکھی اور ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگوں نے اس کو شیئر کیا، ملک کی سلامتی کی ذمہ داری اٹھانے والوں کے ساتھ ہو رہے سلوک کو لے کر سب حیران رہ گئے۔بی ایس ایف نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ معاملے کی تحقیقات آئی جی سطح کے افسر کریں گے۔تحقیقات کی جانبداری برقرار رکھنے کے لیے تیج بہادر کو دوسری یونٹ میں بھیج دیا گیا ہے۔میس کمانڈر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے، یہ بھی کہا گیا ہے کہ تیج بہادر کا سروس ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے۔بی ایس ایف کے مطابق، تیج بہادر پر چار سال پہلے کورٹ مارشل بھی چلا تھا،اس پر ایک سینئر پر حملہ کرنے کا الزام تھا۔جموں رینج کے آئی جی بی ایس ایف ڈی کے اپادھیائے نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ اس نے یہ ویڈیو اپ لوڈ کیسے کردیا، ویسے اس کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ہے، اس کے خاندانی  حالات کو دیکھتے ہوئے پہلے بھی کاروائی نہیں کی گئی تھی۔ادھر اس قدم کی پہلی قیمت تیج بہادر کو تبادلے کے طور پر چکانی پڑی ہے۔انہیں کنٹرول لائن سے پونچھ کے بٹالین ہیڈ کوارٹر میں بھیج دیا گیاہے۔اس درمیان تمام نیم فوجی فورسز کے میس کمانڈروں کی میٹنگ ہو رہی ہے۔جوان بتاتے ہیں کہ ان کو کھانے کے لیے مہینے میں 2900روپے، یعنی روزانہ 95روپے ملتے ہیں۔لیکن تیج بہادر کے معاملے نے اس بات کی طرف توجہ مبذول کرائی تو ہے ہی کہ فوج اور سیکورٹی فورسز کی بند دنیا میں کچھ شفافیت لانے کی ضرورت ہے۔ویسے یہاں معاملہ صرف ایک نوجوان کا نہیں ہے بلکہ ان تمام لوگوں کا حوصلہ اور اعتماد برقرار رکھنے کا ہے جو ملک کی سلامتی کے لیے انتہائی مشکل حالات میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔یہ ضروری ہے کہ اس ویڈیو میں اگر کوئی سچائی ہے تو کارروائی ہو اور حالات میں بہتری لائی جائے۔
 


Share: