سمستی پور، 18؍نومبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنے آج اعلان کیا کہ ریاست کے تمام کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اگلے سال فروری سے مفت وائی فائی کی سہولیات فراہم ہوگی جس سے طلبا کو ان کی تعلیم میں مدد ملے گی۔کمار نے یہ بات اپنی ’نشچے یاترا ‘کے دوسرے مرحلے کے اختتام پر سمستی پور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔وزیر اعلی نتیش کمار نے ریاست کے سبھی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مفت وائی فائی کی سہولیات کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اس سہولت کا استعمال تعلیم کے لیے کریں ، کسی دوسرے کام کے لیے نہیں۔کمار شراب بندی پر لوگوں کی رائے لینے اور سات عزائم کے نفاذ کے لیے بنیاد تیار کرنے کے لیے ریاست کے مختلف حصوں میں مراحل وار طریقے سے نشچے یاترا کر رہے ہیں۔ان سات قراردوں کو مہاگٹھ بند ھن کی وزارت نے ایک ’گڈ گورننس کی پالیسی ‘کے لیے منظور ی دی ہے۔کمار نے کہا کہ ان کی حکومت نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور سات عزائم کے کئی عناصر کا زور ان پر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 12ویں کے بعد اعلی تعلیم کے لیے طلبا کو سود سے پاک قرض مہیا کرانے کے لیے ایک اسکیم شروع کی ہے، اس کے ساتھ ہی ملازمت کی تلاش کے لیے دو سال کے لیے ایک ہزار روپے ماہانہ الاؤنس اور نوجوان انٹرپرینر کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے پانچ ہزار کروڑ روپے کی وینچر پونجی بھی مہیا کرائی گئی ہے۔کمار نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کو انگریزی بولنا سکھانے اور کمپیوٹر کی تعلیم دینا کورس کا ایک حصہ ہے، اس سے ان کی شخصیت کی ترقی ہو گی اور انہیں ملازمت ملنے کا امکان بھی بڑھے گا ۔واضح رہے کہ سمستی پور سماج وادی کے لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعلی کرپوری ٹھاکر کا آبائی ضلع ہے، وزیر اعلی کمار نے ریاست میں شراب بندی کو لاگو کرنے کو لے کر ان کے نام کا ذکر کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم کرپوری ٹھاکر کی پیروی کرنے والے لوگ ہیں اور شراب بندی کے ذریعے ہم ان کے ادھورے کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔