ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں منعقدہ کبڈی ٹورنامنٹ، ٹیپو سلطان ٹرافی پر مینگلور ٹیم قابض؛ لائن نے حاصل کیا دوسرا مقام

بھٹکل میں منعقدہ کبڈی ٹورنامنٹ، ٹیپو سلطان ٹرافی پر مینگلور ٹیم قابض؛ لائن نے حاصل کیا دوسرا مقام

Tue, 10 Jan 2017 01:27:42    S.O. News Service

بھٹکل 9/ جنوری (ایس او نیوز) مینگلور کی ورون ٹراویل کبڈی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ٹیپو سلطان ٹرافی کوبالاخر اپنے نام کرلیا۔ اتوار8 جنوری کو بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ورون نے بھٹکل کی لائن کو آسانی کے ساتھ شکست دی اور ٹرافی کے ساتھ ساتھ 55,555 روپیہ نقد بھی حاصل کرلیا، اسی کے ساتھ ہی سلطان ویلفئر اسوسی ایشن کے زیراہتمام سہ روزہ انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ اپنے اختتام کو پہنچا۔

ٹورنامنٹ میں جملہ 32 ٹیموں نے حصہ لیا تھا جس میں چار ٹیموں ورون، لائن، شموگہ اور وائی ایم ایس اے سیمی فائنل میں داخل ہوئی تھی۔ پہلے سیمی فائنل میں جہاں ورون نے شموگہ کو 27 - 16 سے شکست دی وہیں دوسرے سیمی فائنل میں بھٹکل لائن نے ایک بے حد سخت مقابلے میں بھٹکل وائی ایم ایس اے کو 25 - 22 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کیں۔ دوسرا سیمی فائنل بے حد دلچسپ رہا، آخری وقت تک وائی ایم ایس اے ۔ لائن پر بھاری لگ رہی تھی، مگر آخری دو۔ ایک منٹ میں میچ کا پھانسہ پلٹ گیا اوردو پوائنٹوں سے لائن نے شاندار جیت درج کی۔

اس سے پہلے آخری کوارٹر فائنل میں آرگنائزر سلطان کا وائی ایم ایس اے کے ساتھ مقابلہ بھی دیکھنے لائق رہا۔ ابتدا میں جب میچ ٹائی پر ختم ہوا تو دونوں ٹیموں کے لئے پانچ رائیڈس دئے گئے۔ مگر پانچ رائیڈس دینے پر بھی میچ پھر ایک بار ٹائی ہوگیا، جس کو دیکھتے ہوئے ٹاس کیا گیا اور ٹاس جیتنے پر وائی ایم ایس اے کوایک آخری رائیڈنگ کا موقع دیا گیا۔ اس رائیڈنگ میں وائی ایم ایس اے کے ایک کھلاڑی نے زبردست کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے سلطانی کے خیمے میں گھس گیا، اندر گھستے ہی سلطانی کے کھلاڑیوں نے اسے لپک لیا، ایک بار تو ایسا لگا کہ اس کھلاڑی کو جکڑ لیا گیا ہے، مگر کچھ ہی سکینڈ میں رائیڈر بجلی کی طرح تیزی سے سلطانی کے چنگل سے باہر نکل آیا اور دو پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچادیا۔

فائنل مقابلہ یکطرفہ رہا، اور مینگلور کی ورون ٹراویلس نے میچ آسانی کے ساتھ 22 پوائنٹوں سے جیت لیا۔

لائن کو دوسرا مقام حاصل ہونے پر خوبصورت ٹرافی سمیت 33,333 روپیہ نقد انعام دیا گیا۔ شموگہ ٹیم کو تیسرا انعام 7,777 روپیہ نقد مع ٹرافی اور چوتھا انعام وائی ایم ایس اے کو 5,555 روپیہ نقد مع ٹرافی سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ میں مون اسٹار اسپورٹس سینٹر کو بیسٹ ڈسپلین ٹیم کے اعزاز سے نوازا گیا اور ٹرافی سمیت تین ہزار روپیہ نقد انعام دیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں ورون ٹیم کے عاشق کوبیسٹ پلئیر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزاز کے ساتھ ساتھ بیسٹ پلئیر آف دی فائنل کے بھی خطاب سے نوازا گیا۔ وائی ایم ایس اے کے مدثر مبارک جو پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کیچنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھے اچھوں کی ٹانگیں پکڑنے میں کامیاب رہے تھے، ان کو بیسٹ کیچر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ورون کے وینکٹیش نے بیسٹ رائیڈر کا خطاب حاصل کیا۔

فائنل تقریب میں مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جن کے ہاتھوں فاتح ورون کو خوبصورت ٹرافی سے نوازا گیا۔ بھٹکل میونسپل کونسل کے صدر محمد صادق مٹا، بھٹکل کبڈی اسوسی ایشن کے سکریٹری سری دھر نائک اور بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک بھی اس موقع پر موجود تھے، جن کے ہاتھوں دیگر انعامات تقسیم کئے گئے۔ سلطان ویلفئیر اسوسی ایشن کے صدر ایم ایم عبدالعظیم، جنرل سکریٹری اور ٹورنامنٹ کے کنوینر عبدالسمیع میڈیکل، دیگر ذمہ داران ایس ایم پرویز، آفتاب حُسین کولا، مصطفیٰ عسکری و کافی دیگر نوجوان ٹورنامنٹ میں پیش پیش رہے۔ بھٹکل رکن اسمبلی منکال ویدیا، بھٹکل جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری، بھٹکل بی جے پی لیڈرسنیل نائیک اور کافی دیگر لیڈران سیمی فائنل تک میدان میں موجود تھے۔

سہ روزہ ٹورنامنٹ ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا تھا، جس کی ریکارڈنگ ساحل آن لائن یو ٹیوب چینل www.youtube.com/sahilonlinevideo  پر محفوظ ہے۔ بھٹکل کے معروف کامنٹیٹر اقبال اور سمیرنے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پورے ٹورنامنٹ میں بہترین انداز میں کامینٹری کی۔


Share: