ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلہ دیشی دراندازوں کو ملک بدر کرنے کی کارروائی جاری:پرمیشور

بنگلہ دیشی دراندازوں کو ملک بدر کرنے کی کارروائی جاری:پرمیشور

Wed, 23 Nov 2016 11:22:25    S.O. News Service

بنگلورو۔22؍نومبر(ایس او نیوز) ریاست میں غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی باشندوں کی نشاندہی کرکے انہیں ملک بدر کرنے کیلئے ضروری قدم اٹھائے جائیں گے۔ یہ بات آج وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے ریاستی اسمبلی کو بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست کے اڈیشنل چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پر مشتمل ایک خصوصی ٹاسک فورس اسی مقصد کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ اس ٹاسک فورس کے ذریعہ مقامی پولیس کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر ریاست میں مقیم بنگلہ دیشی اور دیگر بیرون ملکی باشندوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران بی جے پی رکن سنیل کمار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ فی الوقت ریاست میں 748 غیر قانونی بنگلہ دیشی باشندوں کی موجودگی کی اطلاع ہے، ان میں سے 283 کو نکالنے کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔ 52کو نکالا جاچکا ہے، جبکہ 25 افراد کے خلاف مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے بی جے پی رکن اسمبلی کی اس تشویش سے اتفاق کیا کہ بنگلہ دیشی باشندوں کی غیر قانونی طور پر موجودگی سے داخلی سلامتی کو بہت بڑا خطرہ لاحق ہے، حکومت نے اس معاملے کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی سرحد سے ہندوستان میں گھس کر آنے والوں کو روکنا ریاستی حکومت کے اختیار میں نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کو اس سلسلے میں کارروائی کرنی چاہئے۔ سنیل کمار نے اس مرحلے میں دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیشی دراندازوں کو راشن کارڈ، انتخابی شناختی کارڈاور آدھار کارڈ وغیرہ مہیا کرائے جاچکے ہیں۔ہزاروں کی تعداد میں ایسے باشندے ریاست بھر میں موجود ہیں ، فوری طور پر ان کی نشاندہی کرکے انہیں ملک بدر کیا جائے۔بی جے پی کے ایک اور رکن کے جی بوپیا نے دعویٰ کیا کہ ریاست بھر میں پانچ لاکھ سے زائد بنگلہ دیشی درانداز آباد ہیں۔ان کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ صرف ان کے کورگ ضلع میں ایک لاکھ سے زائد بنگلہ دیشی درانداز گھس آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں ان کی موجودگی داخلی سلامتی کیلئے بہت بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔ جنتادل (ایس) کے بی بی ننگیا نے کہا کہ شیموگہ ضلع میں بنگلہ دیشی درانداز گھس آئے ہیں۔اس کی جانچ ہونی چاہئے۔ بی جے پی کے جیوراج نے کہاکہ ان غیر قانونی دراندازوں کو انتخابی شناختی کارڈ ، راشن کارڈ مہیا کرانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔


Share: