بنگلورو۔19؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا نے بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے وارننگ کو دھتکارتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ حسب اعلان سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں کا حصہ بنتے رہیں گے، اس سلسلے میں کسی حلقے سے اعتراض کو وہ خاطر میں نہیں لائیں گے۔ ریاستی بی جے پی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا سمیت بی جے پی کے قومی صدر امیت شا اور دوسروں کی ہدایت کو ٹھکراتے ہوئے ایشورپا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سنگولی راینا برگیڈ کا قیام ریاست میں بی جے پی کو برسر اقتدار آنے میں مدد کیلئے کیا ہے، لیکن ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا اس حقیقت کو سمجھنے سے قاصر ہیں ، جس کی وجہ سے غیر ضروری طور پر وہ ایک محاذ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بیجاپور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سنگولی راینا برگیڈ ریاستی یا مرکزی بی جے پی قائدین کے خلاف ہرگز نہیں ہے۔ اب اس کی مخالفت یڈیورپاکیوں کررہے ہیں، اس کا جواب خود ان سے دریافت کیا جانا چاہئے۔اس برگیڈ کا قیام بی جے پی کو منظم کرنے کے مقصد سے کیاگیا ہے، لیکن پارٹی کے ریاستی لیڈران اس کا غلط مطلب نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالانکہ یڈیورپا نے انہیں یہ ہدایت دی ہے کہ سنگولی راینا برگیڈ سے دور رہیں ، لیکن وہ یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ یڈیورپا کی ہدایت کی پرواہ کئے بغیر وہ سنگولی راینا برگیڈ کو منظم کرنے کی سرگرمیوں سے جڑے رہیں گے، اس سے دستبرداری کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔