کٹنی /مدھیہ پردیش10/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کے کٹنی ضلع میں حوالہ کاروبار کا پردہ فاش کرنے والے پولیس سپرنٹنڈنٹ گورو تیواری کا تبادلہ کئے جانے سے مقامی شہری ناراض ہیں۔انہوں نے منگل کو سڑکوں پر اترکر احتجاج کیا، ان کا مطالبہ ہے کہ تیواری کا تبادلہ منسوخ کیا جائے۔وہیں ریاست کے وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ نے تبادلے کو انتظامی عمل کا حصہ بتایا ہے۔میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق، ان کا مبینہ طور پر ایک وزیر کے دباؤ میں کٹنی سے چھندواڑہ تبادلہ کر دیا گیا ہے، کیونکہ اس وزیر کے مبینہ طورپر حوالہ کاروبار سے جڑے ہونے کی باتیں سامنے آنے لگی تھیں، پولیس سپرنٹنڈنٹ کے تبادلے کی مخالفت بھی شروع ہو گئی ہے۔ریاستی حکومت کی طرف سے پیر کو سینئر پولیس افسران کا تبادلہ اور پرموشن کیا گیا ہے۔ان میں ایک کٹنی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ گورو تیواری بھی ہیں، تیواری نے گزشتہ دنوں حوالہ کاروبار کا پردہ فاش کیا تھا، اتنا ہی نہیں،اس معاملے میں ایک شخص کی گرفتاری کے بعد اس کاروبار سے جڑے کئی بااثر لوگوں پر شکنجہ کسنے کا امکان پیداہوگیا تھا، جن میں بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت کے ایک وزیر بھی شامل ہیں۔تیواری کے تبادلے کی خبر ملتے ہی کٹنی میں احتجاج شروع ہو گیا ہے، کئی تنظیموں نے منگل کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔کانگریس ممبر اسمبلی سوربھ سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کے وزیر سنجے پاٹھگ پر حملہ بولا۔انہوں نے حوالہ کاروبار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے وزیر پاٹھک کے استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔کٹنی ضلع میں کئی فرضی کمپنیوں کے نام پر بینکوں میں کھاتے ہیں اور ان اکاؤنٹس کے ذریعے بڑے پیمانے پر کروڑوں روپے کا لین دین ہوا ہے، اس کی ایس آئی ٹی جانچ بھی کر رہی ہے۔تحقیقات کے دوران پولیس سپرنٹنڈنٹ تیواری نے بھی اس بات کا خلاصہ کیا تھا کہ کئی فرضی اکاؤنٹس سے کروڑوں کا لین دین ہوا ہے۔یہ معاملہ اس وقت سرخیوں میں آیا جب خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے رجنیش تیواری کو محکمہ انکم ٹیکس کا نوٹس آیا تھا۔رجنیش کو ایس کے مینرلس کا ڈائریکٹر بتاتے ہوئے بینک میں اکاؤنٹ کھولا گیا اور اس کے اکاؤنٹ سے کروڑوں کی رقم کا ٹرانسفر ہوا۔ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ حوالہ کاروبار کی تحقیقات میں گزشتہ دنوں ایک کمپنی کے ملازم سندیپ برمن کو گرفتار کیا گیا، وہیں ایک فرم سے بڑے پیمانے پر لین دین کے کاغذات بھی برآمد ہوئے،اس کے بعد سے حوالہ کاروبار سے جڑے ان لوگوں کی نیند اڑ گئی جو اس کو تحفظ دینے والے تھے۔اس گرفتاری کے بعد ایک خاتون نے مبینہ طور پر حوالہ سے جڑے ہونے کا ایک وزیر پر الزام لگایا۔اس کے بعد تو حکومت کی بھی نینداڑ گئی اور تیواری کا آنا فانا میں پیر کو ٹرانسفر کر دیا گیا۔وہیں مقامی لوگوں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ تیواری کے تبادلے کی مخالفت میں وزیر اعظم نریدر مودی کے نام مکتوب لکھا ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ تیواری نے جب سے کٹنی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے طور پر ذمہ داری سنبھالی تھی، تب سے یہاں جرائم پر روک لگ گیا تھا اور غلط کام کرنے والوں کی نیندیں اڑ گئی تھیں، مگر سیاسی دباؤ میں تیواری کا ہی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔