کنداپور 14/جنوری (ایس اونیوز)کرناٹک کے وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور نے گنگولی میں کوسٹل سیکیوریٹی پولیس اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعدٹورسٹ بنگلو میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں پر حملہ کرنے کے الزام میں پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ کسی ممبر پارلیمنٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا اتنی آسان بات بھی نہیں ہے۔ لیکن پولیس نے پوری ذمہ داری کے ساتھ شواہد جمع کرنے کے بعد یہ کام کردکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی رکن پارلیمان روپوش ہوگئے ہیں، مگر وہ کتنے دن تک روپوش رہیں گے۔ ایک نہ ایک دن تو پولیس کے ہاتھ لگنا ہی ہے۔
خیال رہے کہ اُدھر سرسی میں اننت کمار ہیگڈے اور ان کے ساتھی جو پولس کو مطلوب ہیں کے وکیل نے مقامی عدالت میں پیشگی ضمانت کی عرضی داخل کردی ہے، جس کی سنوائی کچھ دنوں بعد ہونے کے امکانات ہیں۔ جبکہ سوشیل میڈیا میں اننت کمار ہیگڈے کو ابھی تک گرفتار نہ کئے جانے کو لے کر الزام لگایا جارہا ہے کہ پولس اور انتظامیہ نے خود ہی اس کو چھوٹ دے رکھا ہے کہ وہ عدالت سے ضمانت حاصل کرلے اور اُنہیں گرفتارکرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ ایسے میں وزیرداخلہ نے بھی واضح کردیا ہے کہ کسی رکن پارلیمان کے خلاف کیس درج کرنا ہی بہت بڑی بات ہے۔