ابوجہ 11جنوری(آئی این ایس انڈیا)نائیجیریا کے ایک ریاستی گورنر کے مطابق ملک میں سرگرم امدادی ادارے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی پُر تشدد کارروائیوں سے متاثرہ بے گھر افراد کی مدد کے لیے فراہم کردہ فنڈز کو غلط طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔ مایدوگوری میں گزشتہ رات منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائیجیریا کی شمال مشرقی ریاست بورنو کے گورنر کاشم شیٹیما نے کہا کہ نائیجیریا کے عوام کی تکالیف سے چند افراد اور ادارے منافع کما رہے ہیں۔ شیٹیما کے مطابق نائیجیریا میں سرگرم126امدادی ایجنسیوں میں سے صرف آٹھ صحیح کام کر رہی ہیں۔ ان کے بقول ایسے افراد کو ملک چھوڑ دینا چاہیے۔ قبل ازیں ملکی صدر محمدو بخاری نے بھی دسمبر میں الزام لگایا تھا کہ نجی ایجنسیاں انسانی بحران کو بڑھا چڑھا کرپیش کر رہی ہیں۔