الال 12/جنوری (ایس او نیوز)ٹاون میونسپل کاونسل الال کے رکن اور کانگریسی لیڈر فاروق الال کے گھر کے پاس پارک کی گئی کار کو شرپسندوں نے نقصان پہنچایا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق رات میں کسی وقت شرپسندوں نے کار کی ونڈ شیلڈ اور کھڑکیوں کی کانچ توڑ پھوڑ کر رکھ دی ہے۔جس کا پتہ فاروق کو صبح نماز کے لئے اٹھنے پر چلا ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق نے کہا کہ میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ اور میں اس ٹائپ کا آدمی بھی نہیں ہوں۔ البتہ الال درگاہ کے اطراف ایک گروہ سیاحوں سے جبری وصولی کرنے اور اطراف کے دکانداروں سے ہفتہ وصولی کرنے میں مصروف ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ اسی گروہ کا کام ہے۔ پولیس کو چاہیے کہ درگاہ کے علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے تاکہ یہاں کے شہری اور سیاح دونوں سکون سے جی سکیں۔الال پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔