ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ال سلواڈور:24گھنٹوں میں قتل کا کوئی واقعہ نہیں ہوا

ال سلواڈور:24گھنٹوں میں قتل کا کوئی واقعہ نہیں ہوا

Fri, 13 Jan 2017 20:56:05  SO Admin   S.O. News Service

سن سلواڈور،13جنوری/(آئی این ایس انڈیا)لاطینی امریکی ملک ال سلواڈور میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں قتل کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے، یہ ایک غیر معمولی بات ہے کیونکہ ملک میں جرائم پیشہ گروپوں کے درمیان گینگ وار کے سبب قتل اور غارت گری ایک عام بات ہے۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق ال سلواڈور میں قتل کی اموات کی شرح پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔اس برس کے اعداد و شمار کے مطابق ال سلواڈور میں اب تک یومیہ قتل کے 10واقعات پیش آتے رہے ہیں لیکن گذشتہ ایک ایسا دن تھا جب غیر متوقع طور پر قتل کا کوئی بھی واقعہ پیش نہیں آیا۔

تشدد کے اس طرح کی بیشتر واردات جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے انجام دی جاتی ہیں، جنھیں مقامی سطح پر ماراس کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس طرح کے کئی جرائم پیشہ گروہ لاطینی امریکہ کے مرکزی علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔پولیس نے تشدد میں کمی کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی ہے لیکن حکام نے گینگ کے دو گروہوں کے درمیان متنازع جنگ بندی بحال کروانے کی بھی تردید کی ہے۔یہ جرائم پیشہ گروپ 80کے عشرے میں ابتدائی طور پر لاس انجلس میں سلواڈور کے پناہ گزینوں کے بچوں نے بنائے تھے جنھوں نے ملک میں جاری خانہ جنگی سے بچنے کے لیے وہاں پناہ لے رکھی تھی۔لیکن جب سنہ 1992میں خانہ جنگی کا خاتمہ ہوا اور ان میں سے بہت سے اپنے گھر واپس آئے تو ایل اے کے گینگ کلچر کو بھی اپنے ساتھ لے کر آئے۔ماراس یا پنڈلاز نامی یہ جرائم پیشہ گروہ منشیات کی سمگلنگ، ڈکیتی اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں ملوث رہتے ہیں۔ایسے مافیہ سرغناؤں میں سب سے اہم مارا سلواتروکا یعنی ایم ایس 13اور مارا 18یعنی اٹھارہویں گلی کا گینگ ہے۔


Share: