کراچی11جنوری(آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے افغانستان سے متصل قلعہ عبداللہ میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔کوئٹہ میں محکمہ صحت کے ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نیا کیس قلعہ عبداللہ کے سرحدی شہر چمن سے سامنے آیاہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ جس بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اس کی عمر چار ماہ ہے۔ان ذرائع کے مطابق اس بچے میں گذشتہ سال دسمبر کے مہینے میں پولیو کے آثار پائے گئے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ بچے کے نمونے ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھجوائے گئے جہاں سے پولیو کی تصدیق کی گئی۔گذشتہ سال فروری کے مہینے میں بھی کوئٹہ شہر میں پولیو وائرس کی ایک کیس کی تصدیق ہوئی تھی۔قلعہ عبداللہ کا شمار پولیو کے حوالے سے بلوچستان کے ہائی رسک علاقوں میں ہوتا ہے۔قلعہ عبد اللہ کے علاوہ کوئٹہ اور پشین کے ماحول میں پولیو کا وائرس موجود ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر رواں مہینے کے دوران کوئٹہ شہر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی پانچ روزہ خصوصی مہم چلائی گئی تھی۔