اسلام آباد،23دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری 18ماہ کے طویل وقفے کے بعد جمعے کی دوپہر کراچی پہنچے ہیں۔آصف علی زرداری کی کراچی آمد کے موقع پر ان کی سکیورٹی کے انتظامات پولیس اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے پاس تھے ۔نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ کے پرانے ٹرمینل جانے والی سٹرک پر جلسہ گاہ بنایا گیا تھا جہاں سٹار گیٹ کے مقام سے انٹری رکھی گئی تھی۔آصف علی زرداری کے جلسے سے خطاب کے لیے بلٹ پروف ٹرک پر سٹیج تیار کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ راستے میں منرل واٹر کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جب کہ بعض بوتلوں پر بلاول بھٹو کی تصاویر بھی ہیں۔کارکنوں کے کھانے کے لیے لنگر کیمپ بھی لگائے ہیں جہاں انھیں کھانا دیا جائے گا۔اندرونِ سندھ سے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی آمد جاری ہے تاہم دوپہر تک خواتین کارکنان کی تعداد بہت کم ہے۔
آصف علی زرداری کے استقبال کے لیے کارکنوں کی آمد صبح دس بجے سے شروع ہو چکی ہے جس میں زیادہ تر مقامی کارکن ہیں۔گذشتہ سال جون میں اسلام آباد میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ اگر اُنھیں دیوار سے لگانے اور ان کی کردار کشی کرنے کی روش ترک نہ کی گئی تو وہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک جرنیلوں کے بارے میں وہ کچھ بتائیں گے کہ وہ وضاحتیں دیتے پھریں گے۔ اس بیان کے بعد ان کے فوجی قیادت سے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے تھے اور کچھ ہی عرصے کے بعد وہ بیرون ملک چلے گئے تھے۔