ایڈیلیڈ،20؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مشکل حالات کا سامنا کر رہے آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے تیسرے دن رات کرکٹ ٹسٹ کے لئے اپنی ٹیم میں انگلینڈ میں پیدا ہوئے اوپنر میٹ رینشا کو جگہ دینے کے علاوہ پانچ اور تبدیلیاں کی ہیں۔سلیکٹرز نے 12رکنی ٹیم میں کوئنزلینڈ کے 20سالہ اوپنر رینشا کے علاوہ دو دیگر بلے بازوں پیٹر ہیڈسکاب اور نک میڈنسن کو شامل کیا ہے جنہیں ڈبیو کا موقع مل سکتا ہے۔تیز گیند باز چاڈ سییرس اور جیکسن برڈ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ پیٹر نیولی کو باہر کرکے وکٹ کیپر کا مقام میتھیو ویڈ کو دیا گیا ہے۔نیولی کے علاوہ جو برنس،ایڈم ووجیس، کالم فگریوسن اور جو مین کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔عبوری چیف سلیکٹر ٹریور ہونس نے کہا کہ ووجیس، آل راؤنڈر مچل مارش اور اسپنر اسٹیو اوکیفی کے نام پر چوٹ کی وجہ سے غور نہیں کیا گیا۔آسٹریلوی ٹیم پہلے دو ٹیسٹ ہارنے کے بعد سیریز میں 0-2سے پیچھے چل رہی ہے اور سیریز گنوا چکی ہے۔
ٹیم اس طرح ہے:سٹیو سمتھ(کپتان)، جیکسن برڈ، پیٹر ہیڈسکوب، جوش ہیزل وڈ، عثمان خواجہ، ناتھن لیون، نک میڈنسن، میٹ رینشا، چاڈ سییرس، مشیل اسٹارک، میتھیو ویڈ اور ڈیوڈ وارنر۔