بنگلورو۔24دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی پولیس کے ڈائرکٹر جنرل پی اوم پرکاش 31 جنوری 2017ء کو اپنی سرکاری خدمات سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ ان کی سبکدوشی سے خالی ہونے والے عہدے کو پُر کرنے کیلئے دعویداروں میں سینئر پولیس آفیسر آر کے دتا کا نام کافی پیش پیش ہے۔ فی الوقت مرکزی وزارت داخلہ کے اسپیشل سکریٹری کے عہدہ پر فائز آر کے دتا اوم پرکاش کے بعد سب سے سینئر پولیس افسران میں سے ایک ہیں۔ اس لئے ریاستی پولیس کے ڈی جی پی کے طور پر ان کا نام لیا جارہا ہے۔ حالانکہ مرکزی حکومت کی طرف سے یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ آر کے دتا کو سی بی آئی کے ڈائرکٹر کے عہدہ پر مقرر کیا جانے والا ہے، لیکن وزیر اعظم مودی نے اس عہدہ پر راجستھان کے ایک آفیسر کو فائز کردیا۔ آر کے دتا وزارت داخلہ کے اسپیشل سکریٹری کے عہدہ پر ہی برقرار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اب آر کے دتا مرکزی خدمات پر برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں، اور وہ کرناٹک لوٹنا چاہتے ہیں۔ 1981 بیچ کے آئی پی یس آفیسر آر کے دتا کا ریاست میں بحیثیت پولیس آفیسر بہترین کارکردگی کا ریکارڈ رہا ہے، خاص طورپر پچھلی بی جے پی حکومت کے دور میں بحیثیت اے ڈی جی پی لوک آیوکتہ آر کے دتا نے کئی سرکردہ سیاستدانوں کو جیل جانے پر مجبور کردیا۔ بعد میں جب مرکز میں مودی حکومت برسر اقتدار آئی تو انہیں مرکزی خدمات کیلئے طلب کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا خود یہ چاہتے ہیں کہ آر کے دتا جیسا کوئی آفیسر ریاست کے ڈی جی پی کے عہدے پر رہنا چاہئے۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بات چیت کی ہے اور کہا ہے کہ آر کے دتا کو کرناٹک کی خدمات پر واپس لوٹایا جائے۔ اوم پرکاش ریٹائر ہونے کے بعد ریاستی پولیس سربراہ کے عہدہ کے اہم دعویداروں میں آر کے دتا کے علاوہ مرکزی انٹلی جنس کے سربراہ نیلا منی راجو، ریاستی ڈی جی پی انٹلی جنس کے کشور چندرا، یم ین ریڈی وغیرہ شامل ہیں۔