پٹنہ، 11جنوری(آئی این ایس انڈیا)آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے اترپردیش کی سماج وادی پارٹی میں وزیراعلیٰ اکھلیش یادو اور پارٹی سربراہ ان کے والد ملائم سنگھ یادو کے درمیان کچھ مہینوں سے جاری تلخی کو دور کرنے کے لئے اکھلیش یادو کو فون کر صلح کر لینے کو کہا ہے۔یادو نے صحافیوں سے آج یہاں کہا کہ انہوں نے خود اکھلیش یادو کو فون کرکے ریاست میں اسمبلی انتخابات کو دیکھتے ہوئے والد ملائم سنگھ سے مل کر چیزوں کو سمیٹنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ماحول میں باہمی اور خاندانی جھگڑا ٹھیک نہیں ہے۔اپنے سمدھی کے گھر کو بچانے کے لئے مسلسل کوشش کر رہے لالو یادو نے اکھلیش سے یہ بھی کہا کہ سیاسی اور خاندانی جھگڑا اب کچھ زیادہ لمبا کھنچ گیا ہے۔یادو نے کہا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے مفاہمت پر زور دینے کو فی الحال ٹھکرا دیا ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ اگر ملائم اور اکھلیش کا گروپ الگ الگ انتخابات لڑے گا تو اس کا بھارتی جنتا پارٹی کو ہی فائدہ ہوگا،تاہم لالو یادو نے امید ظاہر کی کہ یوپی کے الیکشن کے بعد سب ٹھیک ہو جائے گا اور ریاست میں اکھلیش یادو کی حکومت بنتے ہی ملائم سنگھ یادو کی سماج وادی پارٹی میں صدر کے عہدے پر ضرور واپسی ہوگی۔