دبئی 27اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) ایک منفرد کارروائی میں داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت سے متعلق امریکی حکام کے اتوار کے روز یکے بعد دیگرے بیانات کے بعد جریدے ’نیوز ویک‘ نے امریکی فوج اور وزارت خارجہ کے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شمالی مغربی شام کے علاقے ادلب کے مضافات میں امریکی فوج کے آپریشن کے دوران داعش کے سربراہ کی دو بیگمات نے خود کو دھماکے سے آڑا لیا۔امریکی ٹی وی نیٹ ورکس ’سی این این‘ اور ’اے بی سی‘نے اتوار ہی کے روز علی الصباح بتایا کہ شام اور عراق میں ہزاروں افراد کو دھمکانے اور بعد ازاں اپنی سطوت کھو جانے کے بعد داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی ادلب میں کئے جانے والے امریکی فوجی آپریشن میں ہلاک ہو گئے۔’سی این این‘ کے مطابق امریکی فوج ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی سرکاری سطح پر تصدیق کرنے سے قبل ان کی نعش کا ڈی این اے کروا رہی ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ میں متعدد سرکاری حکام کے حوالے بتایا جا رہا ہے کہ اپنے ٹھکانے پر امریکی ٹاسل فورس کے حملے کے بعد ابوبکر البغدادی نے خود ہی اپنی کمر سے بندھی دھماکا خیز جیکٹ کو اڑا لیا۔انھوں نے بتایا کہ شمالی ادلب کے مضافات کے قصبے باریشا میں اتحادی فوج کے کمانڈوز کو ہیلی کاپٹرز سے اترتے دیکھا گیا ہے جو آٹھ ہیلی کاپٹروں پر سوار تھے اور انھیں اتحاد میں شامل فوج کے لڑاکا طیاروں نے کور فراہم کر رکھا تھا۔ یہ کارروائی دو گھنٹے تک جاری رہی جس کے دوران علاقے میں گولا باری کی شدید آوازیں سنائی دیتی رہیں۔