ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں /  بغداد میں تحریراسکوائر کے نزدیک فائرنگ، مزید چھ مظاہرین ہلاک،80 زخمی، اب تک مرنے والوں کی تعداد 319 تک پہنچ گئی

 بغداد میں تحریراسکوائر کے نزدیک فائرنگ، مزید چھ مظاہرین ہلاک،80 زخمی، اب تک مرنے والوں کی تعداد 319 تک پہنچ گئی

Sun, 10 Nov 2019 17:32:25    S.O. News Service

بغداد 10نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) عراق کے دارالحکومت بغداد میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید چھ مظاہرین ہلاک اور 80 سے زائد  زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سیکڑوں عراقی تحریر اسکوائر کے نزدیک حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے میں شریک تھے۔ سکیورٹی فورسز نے انھیں وہاں سے ہٹانے کے لیے براہ راست فائرنگ کی اور اشک آور گیس کے گولے پھینکے ۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اکتوبر سے جاری حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں میں اب تک مرنے و الوں کی تعداد 319 تک پہنچ گئی ہے۔

طبی اور پولیس ذرائع کے مطابق سنیچر کو مرنے والے دو مظاہرین کو گولیاں لگی تھیں اور ایک کے سرکی کھوپڑی میں اشک آور گیس کا گولہ لگا تھا جس سے ان  کی موت واقع ہوگئی۔

بغداد میں تشدد کے ان واقعات سے قبل عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے کہا  کہ حکومت اور عدلیہ مظاہرین کی ہلاکتوں کی تحقیقات جاری رکھیں گی اور تمام زیر حراست افراد کو رہا کردیا جائے گا۔انھوں نے آیندہ چند روز میں نئی انتخابی اصلاحات کا بھی وعدہ کیا ۔

عراق کے سرکردہ شیعہ عالم دین آیت اللہ علی السیستانی نے گذشتہ روز سکیورٹی فورسز پر زوردیا تھا کہ مظاہروں کے دوران میں عدم تشدد کو یقینی بنائیں اور یہ اب ان پر منحصر ہے کہ مظاہرے تشدد کا رْخ اختیار نہ کریں۔ انھوں نے حکومت پر زوردیا تھا کہ وہ جلد سے جلد مظاہرین کے مطالبات کو تسلیم کرنے پر غور کرے۔ان کے ایک نمایندے نے کربلا میں جمعہ کے اجتماع پر خطبے میں کہا کہ ”اب سب سے بڑی ذمے داری سکیورٹی فورسز پر عاید ہوتی ہے۔دریں اثناء اطلاع کے مطابق عراق بھر میں انٹرنیٹ کی رسائی بند کردی گئی ہے۔عراقی حکام نے پہلے بھی احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کو بند کردیا تھا۔ 
 


Share: