بھٹکل 26؍نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل اسمبلی حلقے کے رکن سنیل نائک نے شیرالی تٹّی ہکّل سرکاری ہائر پرائمری اسکول میں ’پلاٹینم جوبلی ‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ بچے تعلیم سے محروم نہ ہوں اس کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔والدین کو چاہیے کہ وہ تعلیم کو زیادہ اہمیت دیں۔انگلش میڈیم سے تعلیم پانے والوں سے زیادہ سے کنڑا میڈیم سے فارغ شدہ افراد اعلیٰ مقام پر پہنچ جاتے ہیں، اس لئے کنڑا میڈیم والے اپنے آپ کو کمتر نہ سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی تٹّی ہکل اسکول سے میں فارغ ہواہوں اور اسی اسکول کے پلاٹینم جوبلی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مجھے بہت زیادہ مسرت ہورہی ہے۔ اس پروگرام کی صدارت پلاٹینم جوبلی کمیٹی کے صدر ایڈوکیٹ سنتوش نائک نے کی۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں زیادہ تر غریب اور نادار لوگ بستے ہیں اس لئے یہاں پر تعلیم کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہاں پر ہائی اسکول قائم کرنے کی طرف عوامی منتخب نمائندوں اور افسران کو توجہ دینی چاہیے۔
اس موقع پر تعلقہ پنچایت رکن وشنو دیواڈیگا، مالتی موہن دیواڈیگا، بی ای او مسٹر ایم آر مونجی، گرام پنچایت رکن موہن دیواڈیگا، اے بی ڈی کوستا، اسکول ترقیاتی کمیٹی کے صدر ناگراج کوڈیا، پرائمری اسکول ٹیچر س یونین کے صدر شنکر نائک، ہوناور تعلقہ انچارج سی ای او سریش نائک وغیرہ اسٹیج پر موجود تھے۔ اسکول کے ٹیچر لکشمن کوٹد مکّی نے استقبال کیا۔ اسکول کی ہیڈ مسٹریس مالتی موگیر نے شکریہ اداکیا۔شریدھر شیٹھ اور نارائن نائک نے نظامت کی۔ جلسے کے دوران اسکول میں خدمات دینے والے اساتذہ کی عزت افزائی کی گئی۔