علی گڑھ، 13/جنوری (آئی این ایس انڈیا)نورتھ زون انٹر یونیورسٹی یوتھ فیسٹیول کے کوئزمقابلے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ٹیم نے اول مقام پر فتح حاصل کی جبکہ جامعہ ملیہ اسلامیہ دوسرے اورچنڈی گڑھ یونیورسٹی کی ٹیم تیسرے مقام پر رہی۔ تینوں ٹیموں نے قومی سطح پر ہونے والے نیشنل انٹر ورسٹی یوتھ فیسٹیول میں اپنامقام محفوظ کرلیا ہے۔ ان ٹیموں کو شیواجی یونیورسٹی کولہا پور میں اسی ماہ منعقد ہونے والے نیشنل یوتھ فیسٹیول میں حصہ لینے کاموقع ملے گا۔سات ریاستوں کی22ٹیموں کے درمیان ہوئے نورتھ زون انٹر ورسٹی کوئز مقابلہ میں شرکاء کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ سبھی ٹیمیں سب سے پہلے تحریری امتحان سے گزریں۔ اس تحریری امتحان کے نتائج کی بنیاد پر ان میں سے فائنل میں چھ ٹیموں کا انتخاب کیاگیا۔فائنل میں پہنچی ٹیموں سے ثقافت، ادب، سنیما اور میڈیا کے تعلق سے سوالات دریافت کئے گئے۔ کوئز ماسٹر ڈاکٹر بالا لکھیندر رہے۔