بھٹکل 26؍نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ اسٹیڈیم (سابقہ وائی ایم سی اے گراؤنڈ) کے ترقیاتی منصوبے کے لئے حکومت کی طرف سے ایک کروڑ روپے کا فنڈ منظور ہوا ہے۔ اس تعلق سے رکن اسمبلی سنیل نائک نے متعلقہ افسران کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنے کے علاوہ اسٹیڈیم پر پہنچ کر معائنہ کیا۔
سرکاری منصوبے کے مطابق اس اسٹیڈیم میں دوڑنے کے لئے ٹریک، ٹینس کورٹ، بیت الخلاء وغیرہ کی تعمیر کرنا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ رکن اسمبلی نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ اسٹیڈیم کے احاطے میں موجود اسکول کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا جائے تاکہ اسٹیڈیم کے ترقیاتی کاموں میں کوئی اڑچن پید ا نہ ہو۔
اسٹیڈیم کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے ہوئی ٹیم میں ٹی ایم سی کے صدر جناب صادق مٹا، ضلع یوتھ اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی افسر گائتری، بلاک ایجوکیشن آفیسر ایم آر مونجی، ٹی ایم سی چیف آفیسر دیوراج، تعلقہ پنچایت سی ای او پربھاکر چکن منے اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور وغیرہ موجود تھے۔