ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ابھیشیک بنرجی کی سالگرہ تقریب میں ہنگامہ، ترنمول اور بی جے پی کارکنان کے درمیان تصادم، کئی زخمی

ابھیشیک بنرجی کی سالگرہ تقریب میں ہنگامہ، ترنمول اور بی جے پی کارکنان کے درمیان تصادم، کئی زخمی

Sat, 07 Nov 2026 12:16:13    S O News

کولکاتہ ، 7/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مغربی بنگال میں ایک بار پھر ممتا آل انڈیا ترنمول کانگریس (ایم اے آئی ٹی سی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان کشیدگی کی خبر سامنے آئی ہے۔ ٹی ایم سی کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کی سالگرہ کے موقع پر کولکاتہ کے کالی گھاٹ میں واقع ان کی رہائش کے باہر آدھی رات کو زبردست ہنگامہ ہوا۔ اس دوران ٹی ایم سی اور بی جے پی حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ دونوں فریق نے ایک دوسرے پر حملے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک بنرجی کی سالگرہ کے موقع پر ان کے حامی رہائش گاہ کے باہر بینر اور پوسٹر لگا رہے تھے۔ اسی دوران ان کی مقامی بی جے پی کارکنان سے تکرار ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے تنازعہ نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا اور فریقین کے درمیان اینٹ اور پتھر چلنے لگے۔ الزام ہے کہ کچھ لوگوں نے لوہے کی سلاخوں اور ہاکی اسٹکس سے بھی حملہ کیا۔ بینر اور پوسٹر لیے ہوئے بی جے پی کارکنان نے کالی گھاٹ میں ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر حملہ کیا اور گھر میں گھسنے کی کوشش کی۔ یہ مکان پٹوآ پاڑہ علاقے میں ’ابھیشیک ہارڈویئر‘ کے اوپر واقع ہے، جو کالی کی مورتیوں کی فروخت کے لیے مشہور ہے۔

ابھیشیک بنرجی کے حامیوں کا الزام ہے کہ بی جے پی کے حمایت یافتہ کچھ مقامی لوگوں نے ان کے خلاف نازیبا تبصرے کیے اور اس کے بعد ان پر حملہ کر دیا۔ ٹی ایم سی حامیوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حملے میں خواتین کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں کئی خواتین زخمی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا الگ موقف پیش کیا ہے۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ اس کے کارکنان کمار ٹولی میں کالی کی مورتیاں خریدنے گئے تھے۔ واپسی کے دوران راستے سے گزرتے وقت ابھیشیک بنرجی کے حامیوں نے ان پر حملہ کر دیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بڑی نفری موقع پر پہنچی اور دونوں فریق کو الگ کیا۔ احتیاطی اقدام کے طور پر سڑک کے درمیان بیریکیڈنگ بھی کی گئی۔ رات تقریباً 2:30 بجے ابھیشیک بنرجی اپنے حامیوں کے ساتھ رہائش کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ فریقین کی جانب سے نعرے بازی بھی جاری رہی۔ پولیس نے ابھیشیک بنرجی سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر کے باہر دھرنا نہ دیں۔ ابھیشیک بنرجی نے اپنے گھر پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔


Share: