ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع اُترکنڑا کے ایس پی مسٹر ایم نارائن کا بینگلور تبادلہ؛ دیپین ایم این نے لیا نئے ایس پی کا چارج

ضلع اُترکنڑا کے ایس پی مسٹر ایم نارائن کا بینگلور تبادلہ؛ دیپین ایم این نے لیا نئے ایس پی کا چارج

Wed, 16 Jul 2025 21:00:25    S O News
ضلع اُترکنڑا کے ایس پی مسٹر ایم نارائن کا  بینگلور تبادلہ؛ دیپین ایم این نے لیا نئے ایس پی کا چارج

کاروار، 16 جولائی (ایس او نیوز): اُترکنڑا ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) مسٹر ایم نارائن کا تبادلہ بنگلورو کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ 2019 بیچ کے آئی پی ایس افسر دیپن ایم این نے کاروار پہنچ کر ضلع کے نئے ایس پی کے طور پر چارج سنبھال لیا ہے۔

مسٹر ایم نارائن نے 7 جولائی 2023 کو اُترکنڑا ضلع کے ایس پی کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ اپنے ایک سالہ دورِ کار میں انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جارحانہ مہم چلائی، کئی سنگین مقدمات کو حل کیا، اور پولیس نظام میں نظم و ضبط لانے کے لئے مؤثر اقدامات کیے۔ ان کی قیادت میں غیر قانونی سرگرمیوں، خصوصاً جوا کلبوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں۔ وہ نہ صرف پولیس محکمے کے اندر فعال اور متحرک رہے، بلکہ مختلف سماجی اداروں، برادریوں اور عوامی حلقوں سے بھی قریبی روابط قائم کیے، جس کی بدولت وہ ایک عوام دوست افسر کے طور پر اُبھرے۔

ان کے اچانک تبادلے کی خبر سے ضلع بھر میں افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق، مسٹر ایم نارائن نے ذاتی اور خاندانی وجوہات کی بنیاد پر خود ریاستی حکومت سے تبادلے کی درخواست کی تھی، جسے قبول کر لیا گیا۔

نئے ایس پی دیپن ایم این کا تعلق 2019 بیچ سے ہے۔ کاروار تبادلے سے قبل وہ کرناٹکا اسٹیٹ ریزرو پولیس (کے ایس آر پی)، بنگلور میں فرسٹ بٹالین کے کمانڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں ایک باصلاحیت اور نظم و ضبط کے پابند افسر کے طور پر جانا جاتا ہے، اور ضلع میں ان کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔

بدھ کے روز ضلع پولیس دفتر، کاروار میں ایم نارائن کے اعزاز میں ایک وداعی تقریب اور دیپن ایم این کے استقبال کے لئے ایک استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے ڈی وائی ایس پی، سرکل انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور دیگر پولیس افسران کے علاوہ مختلف سماجی اداروں کے ذمہ داران بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر ضلع کے معروف قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ سابق ایس پی کو پھولوں کے گلدستے اور مالاؤں کے ساتھ الوداع کیا گیا، جبکہ نئے ایس پی دیپن ایم این کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

For report in English, Click here


Share: