
اُڈپی ،11/ ستمبر (ایس او نیوز) ہیریاڈکا پولیس اسٹیشن کی حدود میں شکار کرنے کی کوشش کے دوران بغیر لائسنس کی بندوق سے گولیاں چلانے اور انسانی جان کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ یکم ستمبر کو رات میں تقریباً 12:15 بجے نامعلوم افراد نے بغیر کوئی احتیاطی تدابیر اختیار کیے، مبینہ طور پر شکار کرنے کے مقصد سے کنجارو گاؤں میں گروراج منجیتیّا کی رہائش گاہ کے قریب لاپرواہی سے بندوق سے فائرنگ کی تھی ۔
اس دوران بندوق کی گولی گاڑی کے شیشے سے ٹکرانے کے بعد گھر میں لگے لکڑی کے دروازے سے ٹکرا گئی ۔اس ضمن میں ہیریاڈکا پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا تھا ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے ہیریاڈکا پی ایس آئی پونیت کمار بی ای نے اپنی ٹیم کے ساتھ 10 ستمبر کو دو ملزمان کو گرفتار کیا ۔
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت پردیپ (32) اور منوج (25) کے طور پر کی گئی ہے ۔کارروائی کے دوران پولیس نے جرم کے ارتکاب میں استعمال ہونے والی تقریباً 50,000 روپے مالیت کی ایک بغیر لائسنس والی سنگل بیرل بندوق، سات کارتوس، اور تقریباً 40,000 روپے مالیت کی ایک بجاج ڈسکور موٹرسائیکل ضبط کی ہے ۔
گرفتاری کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔