ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی : وہاٹس ایپ گروپ پر آڈیو وائرل کرنے پر گھر میں گھس کر نوجوان کا قتل - 3 ملزمین گرفتار

اڈپی : وہاٹس ایپ گروپ پر آڈیو وائرل کرنے پر گھر میں گھس کر نوجوان کا قتل - 3 ملزمین گرفتار

Thu, 14 Aug 2025 13:14:08    S O News

اُڈپی،  14/ اگست (ایس او نیوز) پتور کے سبرامنیا نگر میں پیش آئی ایک واردات میں وہاٹس گروپ پر ایک آڈیو کلپ وائرل کرنے کی پاداش میں دوستوں نے اپنے ایک نوجوان دوست کو گھر میں گھس کر موت کے گھاٹ اتار دیا ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق مقتول کا نام ونئے دیواڈیگا (35 سال) ہے ، جو پیشے سے کارپینٹر تھا ۔ پولیس کے ذریعے گرفتارکیے گئے ملزمین کی شناخت اکشیندرا عرف اکشئے مرکال (34 سال)، اجیت مرکال (28 سال) اور پردیپ اچاریہ (29 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ مالی دین لین کے سلسلے میں جیون نامی ایک شخص نے اکشئے اور اس کی بیوی کو گالیاں دی تھیں جس کی آڈیو کلپ کو ونئے دیواڈیگا نے اپنے دوستوں کے وہاٹس ایپ گروپ میں ڈال دیا تھا ۔ اس بات سے ناراض اکشئے اور دیگر دو دوستوں نے آدھی رات کو ونئے کے گھر میں گھس کر اس پر تلوار سے بڑے رحمانہ انداز میں حملہ کردیا جس کی وجہ سے موقع پر ونئے کی موت واقع ہوگئی ۔
    
اڈپی ضلع ایس پی ہری رام شنکر نے بتایا کہ ونئے کو قتل کرنے کے بعد ملزمین ایک اسکوٹر پر سوار ہو کرجائے واردات سے فرار ہوگئے اور سیدھے سورتکل پولیس اسٹیشن میں پہنچ کر اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کیا ۔ اس کے بعد اڈپی ٹاون پولیس نے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو تفتیش کے لئے پولیس کسٹڈی میں لیا ۔ 
    
پروین اور یوگیش پجاری کے قتل سے رشتہ :ونئے دیواڑیگا کے قتل میں تیسرے ملزم پردیپ اچاریہ کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کا شمار برہماور پولیس اسٹیشن راوڈی شیٹرس میں شامل ہے ۔ اس کے علاوہ سال 2016 میں 17 اکتوبر کو برہماور پولیس اسٹیشن کے حدود میں گایوں کی سپلائی سے متعلقہ معاملے میں پروین پجاری نامی شخص کو ہجومی تشدد میں قتل کیا گیا تھا ، اس میں پردیپ اچاریہ ایک ملزم تھا، اور بعد میں عدالت کے ذریعے اسے اس معاملے سے بری کیا گیا تھا ۔
    
اسی طرح تازہ واردات میں قتل ہونے والے ونئے دیواڑیگا کے بارے میں بھی معلوم ہوا ہے کہ ملپے پولیس اسٹیشن کے حدود میں7 جون 2020 کو پیش آنے  والے یوگیش پجاری قتل  میں ونئے کلیدی ملزم تھا ۔ عدالت میں اس معاملے کی سماعت ابھی چل رہی ہے اور ونئے نے ضمانت پر رہائی حاصل کی تھی ۔ 


Share: