ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : ویزا فراڈ معاملے میں مہاراشٹرا کے دو ملزمین گرفتار

منگلورو : ویزا فراڈ معاملے میں مہاراشٹرا کے دو ملزمین گرفتار

Mon, 07 Jul 2025 18:07:55    S O News
visa-fraud-case-two-arrested

منگلورو، 7 / جولائی (ایس او نیوز) منگلورو سٹی کرائم برانچ (سی سی بی) پولیس نے بڑے پیمانے پر ویزا فراڈ کیس کے سلسلے میں ممبئی سے دو اہم ملزمین کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ کرتے ہوئے ملازمت کے خواہشمندوں سینکڑوں افراد کو دھوکہ دیا ۔
   
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے منگلورو کے بوندڑویل علاقے میں  Hireglow Elegant Overseas International (Opc) پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے دفتر کھولا تھا اور بیرون ملک ملازمتوں کے لیے ورک ویزا فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اخبارات میں اشتہارات شائع کیے تھے ۔ ان دعوؤں پر بھروسہ کرتے ہوئے  تقریباً 289 افراد نے اس ٹراویل ایجنسی کو لگ بھگ 4.5 کروڑ روپے ادا کیے ، لیکن انہیں کبھی بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا ۔
   
ویزا فراڈ کے اس معاملے میں اس سے قبل منگلورو ایسٹ پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 316(2)، 318(4) اور 3(5)  کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔

جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے سی سی بی نے ممبئی کے رہائشی ایک ملزم مسیح اللہ خان کو گرفتار کیا تھا جو اس وقت عدالتی حراست میں ہے ۔
   
معلوم ہوا ہے کہ  قانونی تقاضے کے مطابق وزارت خارجہ کے متعلقہ شعبے میں اپنی فرم کو رجسٹر کیے بغیر بیرونی ممالک میں ملازمت فراہم کرنے کے لئے انٹرویوز لیے جا رہے تھے ۔ اس طرح  بیرون ملک ملازمت اور ویزا فراہم کرنے کے نام پرغیر قانونی طریقے سے سرگرمیاں رکھنے والے دھوکے بازوں کے خلاف وزارت خارجہ بینگلورو کے پروٹیکٹر آف ایمیگرینٹس (پی او ای) اویناش شکلا کی طرف سے اس سے قبل برکے پولیس اسٹیشن کے پاس شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ 
   
اس شکایت کے نتیجے میں امیگریشن ایکٹ کی دفعہ 10 اور 24 کے تحت پولیس نے کیس رجسٹر کیا تھا لیکن اس پر کوئی پولیس کی طرف سے کارروائی نہ کیے جانے پر سابق پولیس کمشنر انوپم اگروال نے پولیس انسپکٹر جی سی سوم شیکھر اور پولیس سب انسپکٹر ایم این اومیش کمار کو معطل کر دیا تھا ۔
   
اب سی سی بی پولیس نے گہری اور مسلسل تفتیش کے بعد دلشاد عبدالستار خان (45 سال) اور انیل پاٹل (34 سال) نامی دو کلیدی ملزموں کو نوی ممبئی اور ڈومبیولی تھانے ضلع سے گرفتار کر لیا ہے ۔

دونوں ملزمین کو کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے مزید تفتیش کے لیے انہیں پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے ۔


Share: